ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو 395 رنوں کا ہدف دیا تھا، جس کے جواب میں جنوبی افریقہ 191 رنوں پرآل آؤٹ ہوگئی۔ ہندوستان نے203 رنوں سے جیت حاصل کرکے تین ٹسٹ میچوں کی سیریزمیں 0-1 کی سبقت حاصل کرلی ہے
وشاکھا پٹنم /6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اورجنوبی افریقہ کے درمیان وشاکھا پٹنم میں کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ میچ میں ٹیم انڈیا نے جیت حاصل کرلی ہے۔ ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو 395 رنوں کا ہدف دیا تھا، جس کے جواب میں جنوبی افریقہ 191 رنوں پرآل آؤٹ ہوگئی۔ ہندوستان نے 203 رنوں سے جیت حاصل کرکے تین ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔محمد سمیع نے دوسری اننگ میں پانچ وکٹ لئے ہیں رویندرجڈیجہ نے 4 وکٹ حاصل کئے۔ آراشون نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ہندوستان نے دیا تھا 395 رنوں کا ہدف ہندوستان نے پہلی اننگ 7 وکٹ پر502 رنوں پرڈکلیئرکی تھی۔ وہیں جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگ میں صرف 431 رن بناپائی تھی، جس کے بعد ہندوستان کو 71 رنوں کی برتری حاصل ہوئی تھی۔ ہندوستان نے دوسری اننگ 4 وکٹ پر323 رن بناکراننگ ڈکلیئر کی اورجنوبی افریقہ کو 395 رنوں کا ہدف دیا تھا۔ ہندوستان کی طرف سے روہت شرما نے دونوں اننگوں میں کمال کی بلے بازی کرتے ہوئے سنچری لگائی۔ روہت شرما پہلی بار ٹسٹ فارمیٹ میں بطورسلامی بلے باز میدان پر اترے تھے۔ ان کے علاوہ ہندوستان میں پہلا میچ کھیل رہے مینک اگروال نے پہلی اننگ میں ڈبل سنچری لگاکرکمال کا مظاہرہ کیا۔جنوبی افریقہ کی ٹیم 395 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے جب 11 رن کے اسکورپرپانچویں دن کھیلنا شروع کیا، وہ اپنے اسکورمیں 8 رن ہی جوڑسکی کہ آراشون نے ڈی برئین کو بولڈ کرکے جنوبی افریقہ کو دوسرا جھٹکا دیا۔ اس کے اگلے ہی اوور میں تینبا باووما کومحمد سمیع نے کھاتہ کھولے بغیرپویلین واپس کردیا اورانہیں بولڈ کرکے ہندوستان کو تیسری کامیابی دلائی۔ اس کے بعد کپتان فاف ڈوپلیسی (13) نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن وہ صرف 13 رن بناکرمحمد سمیع کی گیند پربولڈ ہوگئے۔ ڈوپلیسی کے بعد ڈی کاک بھی بغیر کھاتہ کھولے بولڈ ہوگئے۔ حالانکہ جنوبی افریقہ کی بلے بازی تب بکھرگئی جب 27 ویں اوورمیں رویندر جڈیجہ نے انہیں تین جھٹکے دے کرمیچ پرہندوستان کی جیت تقریباً یقینی کردی۔حالانکہ اس کے بعد ڈین پیٹ اورسینورن متھوسوامی نے بڑی شراکت کرکے ہندوستان کی جیت کے انتظارکو مزید بڑھا دیا۔ دونوں نے 9 ویں وکٹ کے لئے 91 رنوں کی شراکت کی۔ حالانکہ محمد سمیع نے ڈین پیٹ کوبولڈ کرکے پہلے اس شراکت کو توڑا وہیں اس کے بعد کگیسورباڈا کو آؤٹ کرکے جیت ہندوستان کی جھولی میں ڈال دی۔ سینورن متھوسوامی 49 رن بناکرناٹ آؤٹ رہے۔