محمد سمیع جیل جائیں گے:حسین جہاں

   

نئی دہلی ۔ 5ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) جب سے ہندوستانی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سمیع کے خلاف کولکاتہ کی عدالت کی جانب سے گرفتاری وارنٹ جاری ہوا ہے ، تبھی سے ان کی اہلیہ حسین جہاں میڈیا میں بیان بازی کررہی ہیں۔ اب حسین جہاں نے محمد سمیع کو جیل جانے کا خوف دلوایا ہے۔ این ڈی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے حسین جہاں نے کہا کہ جب آسارام اور رام رحیم جیسے لوگ جیل جاسکتے ہیں ، تو پھر محمد سمیع کیا ہیں۔ اس سے پہلے حسین جہاں نے محمد سمیع پر سخت تنقید کی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ محمد سمیع کو امروہہ کی پولیس بچا رہی تھی۔ محمد سمیع کی اہلیہ نے کہاکہ اگر وہ امروہہ میں رہتی تو وہاں کی پولیس انہیں جان سے مار دیتی لیکن لال بازار کی پولیس سچ کا ساتھ دے رہی ہے۔ حسین جہاں نے مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی کا بھی شکریہ ادا کیا۔یاد رہے کہ سال 2018 میں حسین جہاں نے محمد سمیع اور ان کے بھائی کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 498 اے کے تحت گھریلو تشدد کا مقدمہ درج کروایا تھا۔ محمد سمیع کی اہلیہ حسین جہاں نے الزام لگایا تھا کہ محمد سمیع کے دیگر خواتین کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں اور اسی کی وجہ سے انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہیں۔سال 2018 میں محمد سمیع پر ان کی اہلیہ حسین جہاں نے مار پیٹ ، عصمت ریزی ، قتل کی کوشش اور گھریلو تشدد جیسے کئی سنگین الزامات عائد کئے ۔ حسین جہاں نے محمد سمیع کے فکسروں سے تعلقات کا بھی دعوی کیا تھا لیکن بی سی سی آئی کی تحقیقات میںمحمد سمیع کو پوری طرح بے قصور قرار دیا گیا تھا اور اس لئے وہ فی الحال ٹیم کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ویسٹ انڈیز کا دورہ ختم ہوچکا ہے اور اب ٹیم کی وطن واپسی ہونے والی ہے۔ ایسا مانا جارہا ہے کہ محمد سمیع کولکاتہ لوٹتے ہی خود سپردگی کریں گے اور عدالت میں پیش ہوں گے۔ بی سی سی آئی نے بھی واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ چارچ شیٹ دیکھے بغیر وہ محمد سمیع کے خلاف کارروائی نہیں کرے گی۔ ویسے اگر محمد سمیع کا یہ معاملہ پھنس جاتا ہے ، تو ان کا جنوبی افریقہ کے خلاف ٹسٹ سیریز کھیلنا مشکل ہوسکتا ہے۔