محمد سمیع سنسنی خیز مقابلے میں کامیابی کے اصل ہیرو :روہت

   

ہیملٹن ۔30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں ہندوستانی ٹیم نے ہاری ہوئی بازی جیت لی۔ فاتح ٹیم کا فیصلہ سوپر اوور میں ہوا ، جس میں ہندوستانی ٹیم کو 18 رن بنانے تھے۔ ٹیم انڈیا کے اوپنر روہت شرما نے میچ کی آخری دوگیندوں پر چھکے لگا کر ٹیم کو جیت دلائی۔ روہت شرما نے میچ میں 40 گیندوں میں 65 رنوں کی اننگز بھی کھیلی ، جس کے لئے انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا حالانکہ روہت شرما کا ماننا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کی جیت کے اصل ہیرو وہ نہیں بلکہ فاسٹ بولر محمد سمیع ہیں۔ روہت شرما کے مطابق محمد سمیع نے جس طرح سے آخری اوور میں بازی پلٹ دی ، اسی وجہ سے میچ سوپر اوور تک گیا اور آخر میں ہندوستان کو کامیابی ملی۔ ہندوستانی ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما نے میچ کے بعد کہا کہ ٹیم کی کامیابی محمد سمیع نے طے کی۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ محمد سمیع کا آخری اوورکافی اہم تھا ، اسی کی وجہ سے ہم میچ جیتے ، نہ کے میرے دو چھکوں کی وجہ سے۔ وہ سمیع کا اوور تھا جب ہم نے 9 رنز کا دفاع کیا۔ محمد سمیع نے آخری اوور میں 8 رنز دے کر دو وکٹ لئے۔ روہت شرما نے مزید کہا کہ وہ اتنا آسان نہیں تھا۔ وکٹ اچھی تھی دو تجربہ کار بیٹسمینس کریز پر موجود تھے۔ حریف کپتان 95 رنز بناکر کھیل رہا تھا اور دوسرا ان کا سب سے تجربہ کارکھلاڑی تھا ، اس لئے میں محمد سمیع کو سلام کرتا ہوں کہ انہوں نے ٹیم کی واپسی کروائی اور میچ کو سوپر اوور تک لے گئے۔ روہت شرما نے سوپر اوورکی آخری دوگیندوں پر دو چھکے لگا کر ہندوستانی ٹیم کو کامیابی دلائی۔ خیال رہے کہ محمد سمیع کو کپتان وراٹ کوہلی نے میچ کا آخری اوور دیا۔ اس اوور میں نیوزی لینڈ کو صرف 9 رنوں کی ضرورت تھی۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ سمیع کی پہلی ہی گیند پر راس ٹیلر نے چھکا بھی لگادیا تھا جس کے بعد نیوزی لینڈ کی کامیابی یقینی نظر آرہی تھی۔ نیوزی لینڈ کو اگلی پانچ گیندوں میں صرف تین رنز بنانے تھے۔ تاہم سمیع نے اس کے بعد زبردست واپسی کی۔ سمیع نے دوسری گیند پر ایک رن دیا۔ تیسری گیند پرکین ولیمسن کو آوٹ کیا۔ اس کے بعد ٹم سیفرٹ کریز پر آئے اور سمیع نے انہیں یارکر نہ پھینک کر شارٹ گیند پھینکی ، جس پر وہ چوک گئے۔ پانچویں گیند پر بھی سیفرٹ چوک گئے ، لیکن وہ بائی کا رن لینے میں کامیاب رہے۔ دونوں ٹیموں کا اسکور برابر ہوگیا ، لیکن آخری گیند پر محمد سمیع نے راس ٹیلر کو بولڈ کرکے میچ کوسوپر اوور تک پہنچادیا۔