محمد سمیع نے فوجیوں کے اہل خاندان کو 5 لاکھ کا عطیہ دیا

   

نئی دہلی۔ 19 فروری (سیاست ڈاٹ کام پلوامہ میں دہشت گردانہ حملہ میں سی آر پی ایف جوانوں کے شہید ہونے سے ملک بھر میں زبردست غم و غصہ ہے جبکہ کھیل کی دنیا کی سبھی بڑی ہستیوں نے نہ صرف حملہ کی شدید مذمت کی ہے بلکہ شہید جوانوں کے خاندان کی مدد کیلئے بھی بڑھایا ہے۔ بی سی سی آئی کے کارگزار صدر سی کے کھنہ نے سی او اے کو شہیدوں کے اہل خانہ کو پانچ کروڑ دینے کیلئے خط لکھا ہے تو ٹیم کے سابق بیٹسمین وریندر سہواگ نے شہیدوں کے بچوں کو اپنے سہواگ انٹرنیشنل اسکول میں مفت تعلیم دینے کا اعلان کیا ہے۔اس کے علاوہ بھی کئی کرکٹرس نے اپنے اپنے طریقہ سے مدد کیلئے ہاتھ بڑھائے ہیں۔ اس فہرست میں نیا نام فاسٹ بولر محمد سمیع کا شامل ہوگیا ہے۔ محمد سمیع نے پلوامہ حملے میں شہید جوانوں کے اہل خانہ کیلئے پانچ لاکھ روپے کی مدد کی ہے۔ اس دوران محمد سمیع نے کہا کہ جب ہم اپنے ملک کیلئے کھیلتے ہیں ، تو وہ اس کے تحفظ کیلئے سرحدوں پر کھڑے رہتے ہیں ، ہم اپنے جوانوں کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں ، ہم ہمیشہ ان کیلئے رہیں گے۔