محمد سمیع کورونا سے متاثر، امیش یادو کی ٹیم میں شمولیت

   

موہالی۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے کہا کہ ہندوستان کے سینئر فاسٹ بؤلر محمد سمیع اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف مجوزہ ٹی 20 سیریز سے قبل کورونا سے متاثر ہوکر ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں۔ بی سی سی آئی نے مزید کہا کہ فاسٹ بولرامیش یادو 20 ستمبر کو موہالی میں شروع ہونے والی آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے لیے سمیع کی جگہ لیں گے۔ امیش حال ہی میں انگلینڈ میں مڈل سیکس کے ساتھ اپنے کاؤنٹی سے واپس آئے ہیں جہاں وہ زخمی ہوکر ایونٹ سے واپسی کی ہے ۔ بی سی سی آئی نے ایک سرکاری ریلیز میںکہا فاسٹ بولرمحمد سمیع کوویڈ 19 سے متاثر ہونیکے بعد آسٹریلیا کے خلاف آئندہ تین روزہ ماسٹرکارڈ ٹی20 سیریز میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ آل انڈیا سینئر سلیکشن کمیٹی نے ان کے متبادل کے طور پر امیش یادو کوٹیم میں شامل کیا ہے ۔سمیع نے جولائی 2022 میں انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کھیلنے کے بعد کوئی مسابقتی کرکٹ نہیں کھیلی ہے ۔ نومبر2021 میں امارات میں ورلڈ کپ کے سوپر12 مرحلے میں ان کی مہم ختم ہونے کے بعد سے انہوں نے ہندوستان کے لیے کوئی ٹی 20 نہیں کھیلا ہے لیکن اس کا وسیع تجربہ اور آئی پی ایل 2022 میں ان کی کارکردگی، جہاں انہوں نے چمپئن گجرات ٹائٹنزکے لیے 16 میچوں میں 20 وکٹیں حاصل کیں، جن میں پاور پلے میں 11 وکٹیں بھی شامل تھیں، آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے محفوظ کھلاڑی کے طور پر شامل ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 ایونٹ منگل کو موہالی میں پہلے میچ سے شروع ہوگا، اس کے بعد دوسرا میچ 23 ستمبر کو ناگپور اور آخری میچ 25 ستمبر کو حیدرآباد میں ہے ۔ اس کے بعد پھر جنوبی افریقہ کے خلاف 28 ستمبر، 2 اکتوبرکو ایک اور تین میچوں کی ٹی20 سیریز کھیلی جائے گی۔اْمیش کے لیے، جنہوں نے آخری بار فروری 2019 میں ہندوستان کے لیے ٹی20 میچ کھیلا تھا، ان کے لیے تقریباً ڈھائی سالوں میں کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں ملک کے لیے کھیلنے کا موقع ہے۔