ممبئی۔ ہندوستانی سابق وکٹ کیپر پارتھیو پٹیل نے کہا کہ وہ آئی سی سی عالمی ٹسٹ چیمپئن شپ فائنل کے دوران سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی کے طور پر ہندوستانی بیٹسمین چتیشور پجارا کی حمایت کریں گے ۔ پٹیل سمیت عرفان پٹھان، اجیت آگرکر اور اسکاٹ اسٹائرس نے اسٹار اسپورٹس کے پروگرام کرکٹ کنکٹیڈ پر ڈبلیو ٹی سی فائنل کے سلسلے میں اپنے تجربات کا اظہار کیا ہے ۔ پارتھیو نے کہا اگر ہندوستان کو جیتنا ہے تو پجاراکو بیٹنگ کے لئے نمبر تین پر رکھنا ہوگا۔ اگر وہ اس ٹسٹ میچ میں تین یا چارگھنٹے بیٹنگ کرتے ہیں تو مجھے لگتاہے کہ ہندوستانی بہترین موقف میں ہوگا۔ اس لئے میں پجارا کی اس ٹسٹ میچ میں زیادہ سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کے طور پر حمایت کر رہا ہوں۔ سابق بولر عرفان پٹھان نے کہا کہ ڈبلیو ٹی سی فائنل اب تک کا سب سے بڑا ٹسٹ میچ ہے ۔ مجھے لگتا ہے کہ نیوزی لینڈ کو 45-55 کا فائدہ ہوگا۔ مجھے یہ بھی لگتاہے کہ کیوی کپتان کین ولیمسن سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہوں گے اور سب سے زیادہ وکٹیں لینے کے معاملے میں مقابلہ ٹرینٹ بولٹ اور محمد سمیع کے درمیان ہوگا۔نیوزی لینڈ کے سابق آل راونڈر اسٹائرس نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ نیوزی لینڈ مقابلہ جیتے گا۔اس کی چھ وکٹوں سے جیت ہوگی۔ ڈیون کانوے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہوں گے اور ٹرینٹ بولٹ کو سب سے زیادہ وکٹیں ملیں گی۔ سابق فاسٹ بولر اجیت آگرکر کا خیال ہے کہ یہ منتخب کرنا مشکل ہے کہ ڈبلیو ٹی سی فائنل کون جیتے گا۔ مجھے لگتاہے کہ نیوزی لینڈ اس میں پسندیدہ شروعات کرسکتا ہے ۔ سب سے زیادہ رنز بنانے کے معاملے میں ویراٹ کوہلی کے ساتھ جاؤں گا۔ اور وکٹ لینے کے معاملے میں محمد سمیع سب سے آگے ہوں حالانکہ بمراہ نے بھی کافی اصلاح کی ہے لیکن میرے لئے محمد سمیع ہندوستان کے نمبر ایک بولر رہے ہیں۔