نئی دہلی ۔3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ باؤلر محمد سمیع کے خلاف مبینہ طور پر اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا گیا ہے اور انہیں 15 دنوں کے اندر عدالت سے رجوع ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق محمد سمیع کو ان کی اہلیہ کی جانب سے گھریلوتشدد اورجنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات اور دیگر جرائم پر مقدمہ درج کیے جانے کے بعد 15 دن کے اندر عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا گیا ہے یا پھر انہیں گرفتاری کا سامنا ہوگا۔ محمد سمیع ٹیم کے ہمراہ ویسٹ انڈیز میں موجود ہیں جہاں وہ ٹسٹ ٹیم کا حصہ ہیں، جبکہ عدالت نے ان کی غیر حاضری میں حکم جاری کردیا۔سمیع کی اہلیہ حسین جہاں کے وکیل ذاکر حسین نے کہا ہے کہ سمیع کو کولکتہ کی عدالت میں پیش ہونے اور ضمانت کی اپیل دائر کرنے کے لیے سمن جاری کردیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر سمیع حکم کی تعمیل میں ناکام ہوتے ہیں تو عدالت نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ انہیں گرفتار کرلیا جائے۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ انہیں تاحال عدالت کے حکم کی کاپی موصول نہیں ہوئی۔ محمد سمیع کے خلاف اہلیہ پر تشدد کا مقدمہ مغربی بنگال کی پولیس نے رواں برس مارچ میں درج کیا تھا اور عدالت میں اس کی سماعت ہوئی جبکہ سمیع ویسٹ انڈیز میں موجود ہیں۔ یاد رہے کہ محمد سمیع اور ان کی اہلیہ وسابق ماڈل حسین جہاں کے درمیان اختلافات مارچ 2018 میں سامنے آئے تھے جب ان کی اہلیہ نے شوہر اور ان کے گھر والوں کے خلاف شکایت کی تھی جس کے بعد سمیع پر اقدام قتل سمیت7 مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ بعد ازاں مارچ 2019 میں پولیس نے محمدسمیع کے خلاف تشدد سمیت جنسی طور پر ہراساں کرنے کا مقدمہ بھی درج کیا تھا۔دوسری جانب محمد شامی نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ان کو بدنام کرنے کی مہم ہے۔حسین جہاں نے سمیع پر کرپشن کے بھی الزامات لگائے تھے جس پر بی سی سی آئی کی جانب سے انہیں کلین چٹ دی گئی جبکہ عدالت کے تازہ احکامات پر بھی بورڈ نے کوئی بیان نہیں دیاصرف کہا ہے کہ چارج شیٹ دیکھی جائے گی۔