کولکتہ : بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے جمعہ کو انگلینڈ کے خلاف 2 ٹسٹ میچوں کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کیا اور اس اسکواڈ میں ٹیم کی فاسٹ بولنگ کی کمان جسپریت بمراہ اور محمد سراج کو سونپی گئی ہے، جو پچھلے 2-3 سال سے ہو رہا ہے۔ اتفاق سے اسی دن ہی ٹیم کے تجربہ کار بولر بھونیشور کمار نے بھی سلیکٹرزکو بتایا کہ وہ بھی اس فارمیٹ میں واپسی کے لیے تیار اور بے تاب ہیں۔ بھونیشور کمار نے 6 سال بعد سرخ گیند کی کرکٹ میں واپسی کی ہے ۔ جنوری 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنا آخری ٹسٹ میچ کھیلنے والے اسٹار بولر نے اس کے بعد سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں کوئی میچ نہیں کھیلا۔ وہ صرف محدود اوورز پر توجہ دے رہے تھے۔ پھر وہ فٹنس کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوئے لیکن پھر جسپریت بمراہ اور بعد میں محمد سراج کے ٹسٹ ٹیم میں جگہ بنانے سے بھونیشور کے لیے دروازے بند ہو ئے۔ بنگال کے خلاف رانجی ٹرافی میچ میں اتر پردیش کی جانب سے کھیلتے ہوئے 33 سالہ بھونیشور نے 6 سال بعد ایک بار پھر سرخ گیند کو اپنی دھنوں پر رقص کرکے بیٹرس کو پریشان کردیا۔ بنگال کی پہلی اننگز صرف 200 رنز تک محدود رہی اور اس میں بھونیشور نے اصل جادوکیا۔ ہندوستانی فاسٹ بولر نے22 اوورز میں صرف 41 رنز دے کر8 وکٹیں لے کر ہلچل مچا دی۔ یہ بھونیشورکے فرسٹ کلاس کیریئر کی بہترین کارکردگی بھی بن گئی۔ انہوں نے اپنے کیرئیر میں اس سے پہلے کبھی ایک اننگز میں 8 وکٹیں حاصل نہیں کی تھیں۔اس مقابلے کی اہم بات یہ بھی رہی کہ اس میں ایک اور نام نمایاں رہا وہ ہندوستانی ارجن ایوارڈ یافتہ فاسٹ بولر محمد سمیع کے چھوٹے بھائی ہیں ۔ جہاں تک میچ کا تعلق ہے، بھونیشور نے بھلے ہی بنگال کے تجربہ کار بیٹرس کو اپنے سامنے ہتھیار ڈالنے پر مجبورکردیا ہو، لیکن ایک کھلاڑی کے سامنے بھی وہ اچھا نہیں چل پائے۔ وہ ہیں محمد کیف۔ ٹیم انڈیا کے اسٹار محمد سمیع کے چھوٹے بھائی محمد کیف نے بنگال کے لیے سب سے زیادہ 43 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ لوٹے۔ اس میں خاص بات یہ ہے کہ کیف بیٹر نہیں بلکہ ایک فاسٹ بولر ہیں اور انہوں نے یہ رنز نویں نمبر پر آکر بنائے۔ ویسے یہ میچ کیف کے لیے بولنگ کے ساتھ بھی اچھا ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔