محمد شمی کو ویسٹ انڈیز ٹور کیلئے منتخب کیوں نہیں کیا گیا؟

   

نئی دہلی: ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹسٹ اور ونڈے سیریز کیلئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا جس میں ونڈے اور ٹسٹ ٹیم میں محمد شمی کا نام نہیں ہے۔ حالیہ دنوں میں شمی نے ہندوستان کی جانب سے شاندار گیندبازی کی ہے، اس کے باوجود ان کا نام ٹسٹ اور ونڈے ٹیم میں نہ ہونے سے پرستاروں کو حیرت ہے۔ وہیں اب شمی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں شامل نہ کرنے کی وجہ سامنے آئی ہے۔ محمد شمی کو آرام دیا گیا ہے۔ شمی کو تقریباً تین مہینے کی مصروف مسابقتی کرکٹ کے بعد ٹسٹ اور ونڈے دونوں میں مکمل آرام دیا گیا ہے۔ اسی سال ونڈے ورلڈ کپ بھی ہے۔ ایسے میں شمی کو آرام دے کر انہیں آئندہ بڑے ٹورنمنٹ کیلئے تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے 2023 میں اب تک 8 ونڈے کھیلے ہیں اور 30.0 کی اوسط سے جملہ 10 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ2022 سے شمی نے 11 ونڈے میچوں میں 29.78 کی اوسط اور 5.41 کی اکنامی سے 14 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کیلئے جسپریت بمراہ کی غیر موجودگی میں شمی اس وقت سب سے تجربہ کار تیز گیند باز ہیں۔ وہیں، دیپک چاہر کو بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ شائد چاہر کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ٹیم میں جگہ ملے۔ دیپک نے آئی پی ایل 2023 میں چینائی سوپر کنگس کیلئے اچھا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے آئی پی ایل 2023 میں 10 میچوں میں 8.73 کی اکنامی سے 13 وکٹ لئے۔