محمد صلاح کا لیورپول کے ساتھ 2027 تک معاہدہ

   

لیورپول: لیورپول کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے جیسا کہ اسٹار فارورڈ محمد صلاح نے کلب کے ساتھ 2027 تک نیا معاہدہ کر لیا ہے۔ ہیڈ کوچ آرنے سلوٹ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ فیصلہ مکمل طور پر صلاح کا ہے، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ کلب، مالکان اور اعلیٰ حکام نے معاہدے کے لیے بھرپورکوشش کی۔ سلوٹ نے کہا یہ صرف پیسہ ہی نہیں، بلکہ کلب نے یہ بھی ظاہر کیا ہے کہ ہم نہ صرف اس سیزن میں بلکہ آئندہ بھی خطاب کے لیے لڑنے کے لیے پرعزم ہیں، اور مو (صلاح) اس سمت پر یقین رکھتے ہیں۔ 2017 میں اے ایس روما سے 43.9 ملین پاؤنڈ کے عوض شامل ہونے والے صلاح نے اب تک 394 میچز میں 243 گول کیے ہیں اور وہ لیورپول کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والوں میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ صلاح نے لیورپول کے ساتھ 7 بڑے خطابات جیتے ہیں، جن میں پریمیئر لیگ، چمپیئنز لیگ، کلب ورلڈکپ، یورپین سوپرکپ، ایف اے کپ اور دو لیگ کپ شامل ہیں۔ ہیڈ کوچ نے امید ظاہر کی کہ صلاح اتوار کو ویسٹ ہیم کے خلاف میچ میں بھی اپنی کارکردگی سے ٹیم کو فائدہ پہنچائیں گے۔