لندن ،25 مارچ (یو این آئی ) انگلش پریمیئر لیگ کلب لیورپول کے مصری اسٹار فٹبالر محمد صلاح نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سیزن کے اختتام پرکلب چھوڑ دیں گے ۔ 33 سالہ مصری فٹبالر نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ لیورپول اِن کی زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے اور وہ اس کلب، شہر اور مداحوں سے جذباتی وابستگی رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ محمد صلاح 2017ء میں اطالوی کلب اے ایس روما سے لیورپول میں شامل ہوئے تھے اور جَلد ہی اِن کا کلب کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے لگا تھا۔ اِن کی موجودگی میں لیورپول نے 2پریمیئر لیگخطابات، یوئیفا چمپئنز لیگ، فیفا کلب ورلڈ کپ، یوئیفا سوپرکپ، ایف اے کپ،2 لیگ کپ اور کمیونٹی شیلڈ جیتی۔ صلاح نے لیورپول کے لیے435 میچز میں 255گول اسکورکیے اور کلب کے تیسرے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بنے ۔ اُنہوں نے 4 مرتبہ پریمیئر لیگ گولڈن بوٹ بھی اپنے نام کی۔