محمد عامر ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش

   

کراچی ۔26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا۔ پی سی بی کے ٹوئٹر ہینڈل کے مطابق پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے تاہم محمد عامر پاکستان کے لیے ونڈے اور ٹوئنٹی 20 کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ محمد عامر نے سبکدوشی کا اعلان کرتے ہوئے اس ضمن میں کہا ہے کہ ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی کا فیصلہ آسان نہیں، 2020 کے ٹی20 ورلڈ کپ اور دیگر میچز کے لیے فارم اور فٹنس پر توجہ دینا چاہتا ہوں۔ محمد عامر نے 36 ٹسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی جن میں119 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عامر نے پانچ سالہ پابندی ختم ہونے کے بعد 22 ٹسٹ میچز کھیلے، پابندی سے قبل انہوں نے 14 ٹسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔گزشتہ برس بھی محمد عامر نے ایک انٹرویو میں ٹسٹ سے سبکدوش ہونے کا اشارہ دیا۔ ذرائع کے مطابق محمد عامرکیریر کو طول دینے کے لیے ٹسٹ کی ذمہ داریاںبرداشت نہیں کرنا چاہتے ہیں۔