محمد عامر کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی اصل وجوہات کا انکشاف

   

اسلام آباد : پاکستانی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر انٹرنیشنل کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کی تمام وجوہات سامنے لے آئے۔اپنے یوٹیوب چینل پر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ ‘میں نے اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے پی سی بی کو بھی بتا دیا ہے، میں نے یہ فیصلہ جذبات میں آکر نہیں بلکہ بہت سوچ سمجھ کر لیا ہے’۔انہوں نے کہا کہ ‘بطور کھلاڑی ہمیں پتہ ہوتا ہے کہ اگر ہم کارکردگی دکھائیں گے تو ٹیم میں رہیں گے ورنہ باہر ہوجائیں گے اس لیے یہ ایشو نہیں ہے، ایشو میری ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ سے اٹھا، اس وقت انتظامیہ میں مکی آرتھر بھی تھے اور انہیں معلوم تھا کہ میں ورلڈ کپ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہا ہوں، اس وقت کسی کو کوئی ایشو نہیں ہوا’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘پی سی بی کی موجودہ انتظامیہ کے چارج سنبھالنے کے بعد میرا ٹیسٹ فارمیٹ کے لیے انتخاب کیا گیا، ٹیم آسٹریلیا گئی اور وہاں ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد باؤلنگ کوچ وقار یونس اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کے میرے خلاف بیانات سامنے آئے اور وہ میرے پیچھے پڑ گئے اور کہا کہ عامر لیگس کھیلنے کے لیے ہمیں چھوڑ گیا’۔محمد عامر نے کہا کہ ‘میں یہ چیز ایک سال سے برداشت کر رہا تھا اور انتظامیہ کے کچھ لوگوں نے چارج سنبھالنے کے بعد سے لوگوں کے ذہنوں میں یہ ڈالنا شروع کردیا کہ میں نے لیگس اور پیسوں کے لیے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دی، ہر انسان کی عزت نفس ہوتی ہے، کچھ سابق کرکٹرز ٹی وی پر مجھے 2010 کا بھی طعنہ دیتے ہیں، لیکن اپنی غلطی ماننے کا حوصلہ ہر کسی میں نہیں ہوتا، میں نے اپنی غلطی سب کے سامنے مانی، معافی مانگی اور تمام صورتحال کا سامنا کیا۔