محمد عامر کی عدم موجودگی سے بنگلہ دیشی کوچ حیران

   

ڈھاکہ ۔21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کوچ رسل ڈومنگو نے کہا ہے کہ ہندوستان کو ایک ٹی 20 میچ میں شکست دی تھی لہذا پاکستان کو بھی شکست دے سکتے ہیں۔ بدقسمتی سے کچھ کوچز نے پاکستان جانے سے منع کردیا تھا، مجھے پاکستان جانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میدان میں جائیں گے تو تمام تر توجہ سیکیورٹی سے ہٹ کر کھیل پر ہوگی، میں پورے اعتماد کے ساتھ پہلی بار پاکستان جاوں گا، پاکستان ٹی 20 کی نمبر ایک ٹیم ہے، اچھا کھیلے تو ہراسکتے ہیں۔سابق کپتان مشفیق الرحیم کا پاکستان نہ جانے کا فیصلہ ذاتی نوعیت کا ہے، وہ جاتے تو بنگلہ دیش کی ٹیم اور اچھا کھیل پیش کرتی۔ رسل ڈومنگو نے کہا کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ کی واپسی سے پاکستانی ٹیم مضبوط ہوئی ہے، حیران ہوں کہ ان فارم محمد عامر کو پاکستان ٹیم سے خارج کردیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ ٹی20 سیریز میں پاکستان کو پسندیدہ کہہ سکتے ہیں نہ بنگلہ دیش کو ، ہم اس فارمیٹ میں لگاتار میچ ہارے ہیں۔ مسلسل ناکامیوںکی وجہ سے کارکردگی متاثر ہورہی ہے، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔محمد رضوان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، سرفراز کی کارکردگی کا پی ایس ایل کے بعد جائزہ لیں گے۔ مصباح الحق نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کی تیارہی ہورہی ہے، ہمیں بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کارکردگی بہترکرنا اور اچھی کرکٹ کھیلناہوگی۔