محمد عامر ہندوستان کیخلاف بھی بہتر بولنگ کیلئے پرعزم

   

لندن۔14 جون (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کیخلاف شاندار بولنگ کرنے والے پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے ہندوستان کے خلاف بھی بہتر مظاہرہ کی امید ظاہر کی ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران عامر نے کہا کہ میگا ایونٹ کے دوران ہر میچ ہمارے لیے اہم ہے، دباؤ ہوتا ہے تاہم کوہلی کی ٹیم کے خلاف میچ کو عام میچ کی طرح کھیلیں گے، روایتی حریف کو شکست دینے کے لیے مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اْتریں گے۔ ایونٹ میں دس وکٹوں کے ساتھ سہر فہرست بولر محمد عامر نے کہا کہ ایونٹ کے دوران اب ہمیں ہر میچ جیتنا ہے اس کے لیے ہم بھرپورکوشش کرینگے۔ ہم ہندوستان کو ہر حال میں میچ ہرائیں گے، بیٹنگ سے بہت توقعات ہیں، ہم اعصابی لحاظ سے مضبوط اور فتح ہمارا مقدر ہو گی۔ کوشش کروں گا کہ ہندوستان کیخلاف اچھی بولنگ کا تسلسل جاری رکھوں۔ آسٹریلیا سے میچ ہارنے پر انہوں نے کہا کہ ہم میچ جیت سکتے تھے تاہم ٹاس کے بعد پہلے دس اوورز میں رنز بن گئے اگر ہم ان اوورز میں حریف ٹیم کے ایک دو وکٹیں لے لیتے تو 300 رنز نہ بن پاتے۔ وکٹیں لینے پر خوشی ہے تاہم میچ جیت جاتے تو زیادہ خوشی محسوس کرتے لیکن کھیل میں کسی ایک کو شکست ہوتی ہے۔ محمد عامرنے مزیدکہا کہ مجھ پربہتر مظاہرے کا بہت دباؤ تھا کیونکہ ورلڈکپ میں آنے سے قبل 14 میچوں میں صرف 5 وکٹیں لی تھیں جس کی وجہ سے ہر طرف سے مجھ پر تنقید ہو رہی تھی۔ جب آپ شروعات میں بولنگ کرنے والے بولر ہوتے ہیں تو ہمیشہ دباؤ ہوتا ہے۔ میں ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے پر امید تھا، یقین تھا کہ جب مجھے موقع ملا تو میگا ایونٹ میں ضرور کارکردگی دکھاؤں گا۔ اپنی بولنگ میں سیم کے حوالے سے کہا کہ 2009ء میں کوکا بورا گیند تبدیل ہو گئی تھی جسکی وجہ سے فاسٹ بولروں کے لیے سیم تھوڑا مشکل ہوتا ہے، پانچ سال کے وقفے کے بعد جب میں واپس آیا تو مسلسل دوسال کرکٹ کھیلی اس دوران گیند سوئنگ ہوئی تاہم وقت گزرنے کے بعد بولنگ کا معیار نیچے گرا اور کچھ معمولی زخموں نے بھی پریشان کیا۔ میگا ایونٹ کے دوران جب مجھے ٹیم میں شامل کیا گیا تو پہلے ہی میچ میں گیند کو لائن اینڈ لینتھ پر کیا جس سے مجھے جلدی وکٹیں ملیں اور اس دوران گیند سوئنگ بھی ہو رہی تھی۔