محبوب نگر ۔ 25 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محمد عبدالقیوم نے منگل کو ضلعی عہدیدار محکمہ اقلیتی بہبود ، محبوب نگر کی حیثیت سے عہدہ کاجائزہ حاصل کرلیا۔ اس موقع پر انھوں نے کمشنر محکمہ اقلیتی بہبود و سکریٹری اقلیتی بہبود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ محکمہ اقلیتی بہبود کی ذمہ داری کو پابندی کے ساتھ ادا کریں گے ۔ محمد عبدالقیوم نے کہاکہ محکمہ اقلیتی بہبود میں اُنھیں بحیثیت محبوب نگر ضلعی آفیسر اقلیتی بہبود کی ذمہ داری پہلی مرتبہ سونپی گئی ہے جس کو وہ پوری ایمانداری اور محنت و لگن کے ساتھ بحسن خوبی خدمات انجام دیں گے ۔ اُردو آفیسر ڈاکٹر منیب آفاق نے نومنتخب ضلعی عہدیدار محکمہ اقلیتی بہبود محبوب نگر محمد عبدالقیوم کا استقبال کرتے ہوئے ملازمین کا تعارف کروایا ۔ بعد ازاں محکمہ کی مختلف شاخوں اور اسکیمات کی تفصیلات کا خاکہ پیش کیا۔ اس موقع پر محکمہ اقلیتی بہبود کے ملازمین سینئر اسسٹنٹ موگلیا ، جونیر اسسٹنٹ شہنواز بیگم ، عرفان حسین اور محمد عبدالکریم نے ضلعی عہدیدار محکمہ اقلیتی بہبود محبوب نگر محمد عبدالقیوم کو تہنیت پیش کرتے ہوئے دفتری اُمور کو پابندی سے ادا کرنے کا تیقن دیا ۔