محمد علی شبیر سے جماعت اسلامی نظام آباد کے قائدین کی ملاقات

   

بی جے پی کو شکست دینے کے لئے تائید کا تیقن
حیدرآباد۔/15 نومبر، ( سیاست نیوز) سابق وزیر محمد علی شبیر کو نظام آباد (اربن ) اسمبلی حلقہ میں مسلم جماعتوں اور تنظیموں کی تائید حاصل ہورہی ہے۔ جماعت اسلامی نظام آباد یونٹ کے دفتر میں محمد علی شبیر نے جماعت اسلامی کے مقامی قائدین سے ملاقات کی اور تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ جماعت اسلامی کے ریاستی اور مقامی قائدین ایم ایم بیگ زاہد، عبدالحلیم اور دوسروں نے محمد علی شبیر کو تائید کا یقین دلایا اور ضلع کے مسائل بالخصوص اقلیتوں کی ترقی کے اقدامات کی اپیل کی۔ جماعت اسلامی کی مقامی ذیلی تنظیموں نے بھی فرقہ پرست طاقتوں کی کامیابی کو روکنے کیلئے محمد علی شبیر کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر محمد علی شبیر نے کہا کہ وہ سابق میں بھی ریاستی وزیر کی حیثیت سے اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے اقدامات کرچکے ہیں۔ انہوں نے 4 فیصد مسلم تحفظات، نئے میڈیکل اور انجینئرنگ کالجس کی منظوری اور فیس ری ایمبرسمنٹ جیسی اسکیمات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد کو فرقہ پرستی سے نجات دلانے کیلئے وہ ہائی کمان کی ہدایت پر نظام آباد (اربن ) حلقہ سے مقابلہ کررہے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ جماعت اسلامی نظام آباد یونٹ نے سیاسی مسائل پر کمیٹی تشکیل دی ہے جسے ذمہ داری دی گئی ہے کہ کانگریس اور بی آر ایس کے امیدواروں سے ملاقات کریں۔