کاماریڈی۔ عیدالفطر کاماریڈی میں انتہائی سادگی کے ساتھ منائی گئی۔ کورونا کے باعث عید گاہ کے بجائے شہر کے تمام مساجد میں اور گھروں میں عوام نے عیدالفطر کی نماز جوش و خروش کے ساتھ ادا کی۔ شہر کی مختلف مساجد میں صبح 6 بجکر 30 منٹ سے 9 بجے تک نماز ادا کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ بعض مساجد میں عوام کے ہجوم کو دیکھتے ہوئے دو ، دو جماعتوں کا اہتمام کیا گیا۔ سینئر کانگریس قائد و سابق ریاستی وزیر محمد علی شبیر نے ارکان خاندان کے ہمراہ اپنی رہائش گاہ میں نماز عیدالفطر باجماعت ادا کی۔ ناظم مدرسہ کاشف العلوم مولوی شیخ نورالالماس نے نماز عید پڑھائی اور خطبہ دیا۔ عید کے موقع پر محمد علی شبیر نے عوم کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج انعام کا دن ہے لہذا بارگاہ خداوندی میں سجدہ ریز ہوکر وباء کے خاتمہ کیلئے دعا کریں تاکہ وباء دنیا سے ختم ہوسکے ۔ محمد علی شبیر نے مسجد اقصیٰ قبلہ اول پر حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کی مذمت کی۔فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یگانگت کیا اور ان کی قربانیوں کی ستائش کی۔ محمد علی شبیر نے عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کی اپیل کی۔
