محمد علی شبیر کو کامیاب بنانے کاما ریڈی کے قائدین و کارکنوں کا عہد

   

چیف منسٹر کے مقابلہ سے کانگریس کے حوصلے بلند

حیدرآباد ۔25۔ اگست (سیاست نیوز) کاماریڈی اسمبلی حلقہ کے کانگریس قائدین اور کارکنوں نے عہد کیا کہ اسمبلی انتخابات میں سابق وزیر محمد علی شبیر کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے اور چیف منسٹر کے سی آر کو شکست دے کر نئی تاریخ رقم کریں گے۔ کاما ریڈی اسمبلی حلقہ کے تمام منڈلوں سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین اور کارکنوں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مہیلا کانگریس، این ایس یو آئی ، یوتھ کانگریس ، ایس سی، ایس ٹی ، بی سی ، میناریٹی ڈپارٹمنٹس اور دیگر محاذی تنظیموں کے قائدین نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر کی سی آر کی جانب سے کاما ریڈی سے مقابلہ کے اعلان کے بعد پارٹی کیڈرکے جوش و خروش میں اضافہ ہوچکا ہے۔ اجلاس میں قائدین اور کارکنوں نے کہا کہ ہمیشہ عوام کے دکھ درد میں شامل رہنے والے محمد علی شبیر کو کامیاب بنانا ان کی اولین ترجیح رہے گی۔ پارٹی نے انتخابی مہم کا عملاً آغاز کردیا ہے ۔ قائدین کا احساس تھا کہ محمد علی شبیر نے عہدہ کی پرواہ کئے بغیر ہمیشہ عوام کے درمیان رہتے ہوئے خدمت کی ہے۔ ریاستی وزیر اور رکن اسمبلی کے طور پر کاما ریڈی میں کئی اہم پراجکٹس شروع کئے گئے۔ اسمبلی چناؤ میں شکست کے بعد بھی انہوں نے عوام سے اپنا رابطہ برقرار رکھا اور حلقہ کی ترقی کے لئے حکومت سے نمائندگی کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ کارکنوں کی والہانہ وابستگی اور جوش و خروش کو دیکھ کر انہیں یقین ہوچکا ہے کہ کاما ریڈی میں کانگریس کا پرچم لہرائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر گجویل میں شکست کے خوف سے کاما ریڈی سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ حکومت کے خلاف اٹھنے والی آواز وں کو دبانا بنیادی مقصد ہے۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے پر کے سی آر نے انہیں شکست دینے کے مقصد سے کاما ریڈی کا انتخاب کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے اعلان کے بعد عوامی تائید میں مزید اضافہ ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں سے جھوٹی ہمدردی کا اظہار کرنے والے کے سی آر کو مسلم قیادت کے صفایہ کی فکر ہے۔ کانگریس کے واحد مسلم قائد کو شکست دینے کی سازش کرتے ہوئے کے سی آر نے کاما ریڈی سے مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ محمد علی شبیر نے یقین ظاہر کیا کہ انہیںچیف منسٹر کو ہرانے کا اعزاز حاصل ہوگا ۔