غریبوں اور مریضوں میں پھل ، غذا اور ادویات کی تقسیم، اہم قائدین نے مبارکباد دی
حیدرآباد۔15۔ فروری (سیاست نیوز) کانگریس کیڈر نے آج سینئر لیڈر اور قانون ساز کونسل کے سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر مختلف فلاحی پروگراموں کا انعقاد عمل میں لایا۔ حیدرآباد ، کاما ریڈی اور دیگر اضلاع میں کارکنوں نے محمد علی شبیر کی سالگرہ منائی۔ تھلیسیمیا مریضوں کی مدد کے لئے بلڈ ڈونیشن کیمپس منعقد کئے گئے جن میں سینکڑوں کارکنوں اور نوجوانوں نے خون کا عطیہ دیا۔ کاما ریڈی تاریخ میں پہلی مرتبہ بلڈ ڈونیشن کیمپس میں 190 یونٹس کا عطیہ دیا گیا ہے۔ کیمپ کی نگرانی کرنے والے ڈاکٹر مونیکا نے بتایا کہ تھلیسیمیا کے مریضوں کی مدد کیلئے نوجوانوں میں غیر معمولی جذبہ دیکھا گیا۔ محمد علی شبیر نے عطیہ دہندگان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے سرٹیفکٹس تقسیم کئے ۔ اس موقع پر کاما ریڈی ، یلا ریڈی ، بانسواڑہ ، ماچا ریڈی ، دوم کنڈہ ، بی بی پیٹ اور بھکنور میں غریبوں میں غذا فروٹس اور بلینکٹس تقسیم کئے گئے ۔ سرکاری دواخانوں کے مریضوں میں پھل اور ادویات تقسیم کی گئیں ۔ ر
سالگرہ کے سلسلہ میں ضلع کے اہم مقامات پر ہورڈنگس ، بیانرس اور کٹ آؤٹس لگائے گئے تھے۔ اے آئی سی سی انچارج مانک راؤ ٹھاکرے ، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، سابق اپوزیشن لیڈر کے جانا ریڈی اور دیگر قائدین نے محمد علی شبیر کو مبارکباد پیش کی ۔ محمد علی شبیر نے کانگریس کارکنوں اور حامیوں سے غریبوں کے امدادی پروگرام منعقد کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے اس بات کا عہد کیا کہ وہ آخری سانس تک عوام کی خدمات جاری رکھیں گے۔ر
