محمد علی شبیر کی سالگرہ کے موقع پر کارکنوں کی جانب سے فلاحی اقدامات

   

سرکاری دواخانوں کے مریضوں اور غریبوں میں پھل اور غذا کی تقسیم، 30 سلائی مشین حوالے کئے گئے
حیدرآباد۔/15 فروری، ( سیاست نیوز) کانگریس کارکنوں نے آج حیدرآباد اور کاماریڈی میں سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر کی 66 ویں سالگرہ کے موقع پر مختلف فلاحی کاموں کو انجام دیا۔ حیدرآباد اورکاماریڈی میں مختلف مقامات پر محمد علی شبیر کی سالگرہ تقاریب منائی گئی۔ شبیر علی فاؤنڈیشن کی جانب سے کاماریڈی اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والی غریب خواتین میں 30 سلائی مشینوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ کاماریڈی، یلاریڈی، بانسواڑہ، ماچہ ریڈی، دومکنڈہ، بی بی پیٹ اور بھکنور میں بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کئے گئے اور غریبوں میں غذا ، دودھ اور میوہ جات کی تقسیم عمل میں آئی۔ کاماریڈی، بانسواڑہ اور یلاریڈی اسمبلی حلقہ جات کے سرکاری دواخانوں میں مریضوں میں پھل تقسیم کئے گئے۔ حیدرآباد میں غریبوں میں غذا کی تقسیم کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ شبیر علی کے حامیوں نے ہورڈنگس، کٹ آؤٹس اور بیانرس نصب کئے تھے۔ محمد علی شبیر نے کارکنوں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ تقاریب کے بجائے غریبوں میں غذا، پھل اور دیگر ضروری اشیاء کی تقسیم عمل میں لائیں۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کے علاوہ دیگر سینئر قائدین اور سماج کی مختلف اہم شخصیتوں نے سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ر