محمد علی شبیر کے فرزند محمد الیاس تلنگانہ یوتھ کانگریس کے ریاستی سکریٹری مقرر

   

Ferty9 Clinic

پارٹی کے استحکام کیلئے عنقریب ضلع کے تمام منڈلوں کا دورہ
حیدرآباد۔/27جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل میں سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر کے فرزند محمد الیاس کو تلنگانہ یوتھ کانگریس کا ریاستی سکریٹری مقررکیا گیا ہے۔ انڈین یوتھ کانگریس کے صدر بی وی سرینواس نے تلنگانہ کیلئے ایک نائب صدر اور 23 سکریٹریز کا تقرر کیا ہے۔ محمد الیاس کاماریڈی میں یوتھ کانگریس میں پہلے سے سرگرم ہیں اور انہوں نے شبیر علی فاؤنڈیشن کے تحت مختلف فلاحی کاموں میں اہم رول ادا کیا ہے۔ محمد الیاس نے یوتھ کانگریس کے صدر کے انتخابات میں حصہ لیا تھا اور انہیں قابل لحاظ ووٹ حاصل ہوئے تھے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس شیوا سینا ریڈی نے یوتھ کانگریس کے تمام نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی اور انہیں عوامی مسائل کیلئے جدوجہد کا مشورہ دیا۔ محمد الیاس اپنے والد محمد علی شبیر کی انتخابی مہم میں ہمیشہ پیش پیش رہے۔ انہوں نے کاماریڈی کے کانگریس اور یوتھ کانگریس قائدین کے ہمراہ کئی عوامی تحریکات میں حصہ لیا۔ ضلع کے نوجوانوں میں ان کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے پارٹی نے ریاستی سکریٹری کے عہدہ پر فائز کیا ہے۔ محمد الیاس نے تقررکیلئے صدرکانگریس سونیا گاندھی، سابق صدر راہول گاندھی اور آل انڈیا یوتھ کانگریس کے صدر بی وی سرینواس سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس کے ایک ڈسپلن سپاہی کی طرح پارٹی کے استحکام کیلئے کام کریں گے اور عوامی مسائل کی یکسوئی اولین ترجیح رہے گی۔ وہ بہت جلد کاماریڈی ضلع کے تمام منڈلوں کا دورہ کرتے ہوئے یوتھ کانگریس کارکنوں سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ میں کانگریس کا اقتدار یقینی ہے۔