کوہیر ۔ 31 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محمد غلام مرتضی پٹیل عرف اجو پٹیل کوہیر منڈل کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ چیرمین نے اخباری نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کانگریس پارٹی میناریٹی سل صدر کوہیر منڈل کی حیثیت سے اپنا استعفی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں مسلم پارٹی پوسٹ والے قائدین کو یکسر نظرانداز کیا جارہا ہے۔ اس لئے انہوں نے دل برداشتہ ہوکر پارٹی کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20 تا 22 برسوں سے وہ کانگریس پارٹی کے لئے بے لوث خدمت کرتے ہوئے وابستہ ہیں۔ مگر ایک مسلم چہرہ ہونے کی وجہ سے ان کو ہر جگہ نظرانداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کوہیر منڈل کانگریس پارٹی صدر رام لنگا ریڈی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کوہیر منڈل میں کانگریس پارٹی کے اندر گروپ بندیوں کو بڑھاوا دے رہے ہیں جس سے کانگریس کو نقصان ہو رہا ہے اس تعلق سے اعلیٰ قائدین کو بھی کئی مرتبہ اس جانب توجہ دلائی گئی مگر حالات جوں کے توں ہیں، اس لئے میں ان وجوہات کی بنا پر پارٹی کے عہدے سے سبکدوش ہو رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت کارکن کانگریس پارٹی کی خدمت انجام دیتا رہوں گا۔