ورثاء سے سابق کرکٹ کپتان محمد اظہر الدین کی تعزیت اور قبرپر چادر گل کی پیشکشی
ظہیرآباد۔ سابق قومی کرکٹ کپتان و کارگذار صدر تلنگانہ پردیش کانگریس محمد اظہر الدین نے آج ظہیرآباد کا دورہ کرتے ہوئے مقامی قائدین کے ہمراہ موضع ہوتی بزرگ کے قبرستان پہنچ کر الحاج محمد فرید الدین سابق ریاستی وزیر کی قبر پر چادر گل پیش کی اور بارگاہ رب العزت میں مرحوم کے لئے مغفرت کی دعا کی۔ بعد ازاں انہوں نے ظہیرآباد میں واقع فرید صاحب کی رہائش گاہ پہنچ کر مرحوم کے فرزند محمد تنویر احمد اور دیگر افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ مسلم اقلیتوں کے ایک بے باک قائد تھے اور ان کے مسائل کی یکسوئی کیلئے ہمہ تن مصروف رہتے تھے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مرحوم سے ان کے گہرے روابط تھے اور ان کی شخصیت غیر متنازعہ تھی۔ انہوں نے پسماندگان کو صبر کی تلقین کی ۔ اس موقع پر وائی نروتم رکن تلنگانہ پردیش کانگریس، گریدھر ریڈی صدر ظہیرآباد منڈل پریشد، رام داس صدر کوہیر منڈل پریشد ، سید مسعود حسین، محمد ملتانی، تاج الدین، نرسمہا ریڈی، سرینواس ریڈی، ناگ شٹی ، محمد یوسف، سریش اور دیگر موجود تھے۔