نائیٹ کرفیو پر سختی سے عمل آوری میں تعاون کرنے کی عوام سے اپیل کی ، کے سی آر کو انسانیت دوست قائد قرار دیا
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج درگاہ یوسفینؒ پر چادر گل پیش کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر کی جلد از جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ۔ بعد ازاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ کافی تکلیف دہ بات ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر کورونا سے متاثر ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے چیف منسٹر کو انسان دوست قائد قرار دیا جو ہمیشہ ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں رہتے ہیں ۔ چیف منسٹر نے مختصر عرصہ میں تلنگانہ کو ایک مثالی ریاست میں تبدیل کیا ہے ۔ کئی منفرد فلاحی اسکیمات کو متعارف کرایا ہے ۔ جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ تلنگانہ میں آج سے رات کے کرفیو کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے محمد محمود علی نے کہا کہ حکومت نے ہائی کورٹ کے احکامات کا احترام کیا ہے اور آج رات سے نائیٹ کرفیو نافذ کیا جارہا ہے ۔ حکومت کورونا کو کنٹرول کرنے کے لیے تمام تر احتیاطی اقدامات کررہی ہے ۔ کورونا کے ٹسٹ میں اضافہ کیا گیا ہے اور بڑے پیمانے پر کامیابی سے ٹیکہ اندازی کی مہم چلائی جارہی ہے ۔ عوام نائیٹ کرفیو کے قواعد پر سختی سے عمل کریں ۔ وبا پر قابو پانے کے لیے اپنی طرف سے احتیاطی اقدامات کریں ۔ غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں گھر سے باہر نکل رہے ہیں تو لازمی طور پر ماسک کا استعمال کریں ۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھیں ۔ سنیٹائیزرس کا بار بار استعمال کریں ۔ وزیر داخلہ نے نائیٹ کرفیو کے پیش نظر نماز تراویح اول اوقات میں شروع کر کے رات 9 بجے سے پہلے ختم کریں اور فوری اپنے اپنے مکانات کو واپس ہوجائے ۔ محمد محمود علی نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ مساجد میں بھی کوویڈ 19 کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل آوری کریں اور ماہ رمضان کی عبادتوں میں کورونا وائرس کے خاتمہ ، ساری دنیا میں امن چین سکون اور راحت کے لیے بالخصوص چیف منسٹر کی صحت یابی کے لیے دعا کرنے کی مسلمانوں سے اپیل کی ۔ اس موقع پر صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم حج کمیٹی کے سابق صدر نشین مسیح اللہ خاں ، ٹی آر ایس کے سینئیر قائد منیر الدین ، محمد شریف ، ارشد علی خاں ، بدر الدین ، عبدالباسط کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔۔