زاہد علی خان ، افتخار حسین ، احمد خان اور عامر علی خان سے والد کا اظہار تشکر و دعا
حیدرآباد: 6 اکٹوبر ( سیاست نیوز) روزنامہ ’سیاست‘ و ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں ، نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین ملت کا اثاثہ ہیں اور اللہ و عزو جل سے دعا ہیکہ اللہ تعالیٰ ان شخصیتوں ، اُن کی آل اولاد کو اپنی حفظ و امان میں رکھے ، انہیں دشمنوں کے شر سے ،حاسدین کے حسد سے بچائے اور ملت کی تعلیمی و معاشی ترقی کا ذریعہ بنائے رکھے ۔ جناب زاہد علی خاں ، جناب افتخار حسین اور جناب عامر علی خان کو اللہ عز و جل نے وہ طبعیت و مزاج عطا فرمائی کہ وہ یتیموں ، یسیروں ، غرباء و مساکین خاص طور پر ضرورت مند طلباء و طالبات کی مدد میں کوئی کسر باقی نہیں رکھتے ، ان شخصیتوں کی خصوصی دلچسپی کے نتیجہ میں ضرورت مند و مستحق خاندانوں کے ہونہار طلباء و طالبات نے تعلیمی شعبہ میں غیر معمولی و شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ ان میں ہزارو ں ڈاکٹرس ، انجنیئرس بن چکے ہیں ، ہزاروں بی بی اے ، ایم بی اے ، ایم سی اے اور مختلف پیشہ وارانہ ڈگریاں حاصل کرچکے ہیں اور جناب زاہد علی خان کی زیر قیادت سیاست کے کارناموں میں ایک اور کارنامہ جڑ گیا ۔ غرض ان کے حق میں قلب کی گہرائیوں سے دعائیں نکلتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار حال میں پائلٹ بنے طالب علم محمد یار عالم کے والد مولانا محمد شہر پار نے جناب زاہد علی خاں ، جناب عامر علی خاں اور جناب افتخار حسین کی گلپوشی و شال پوشی کرکے کیا ۔ واضح رہے کہ اب سیاست کو دو مسلم پائلٹس تیار کرنے کا اعزاز ملا ہے ۔ اس سے قبل ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان نے سلویٰ فاطمہ کی پائلٹ بننے میں غیر معمولی مدد کی تھی اور اس لڑکی نے پائلٹ بننے کا جو خواب دیکھا تھا اسے شرمندہ تعبیر کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کے عزیز دوست جناب احمد نواز خان ، نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں و سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کے ساتھ چند قارئین سیاست کے مالی تعاون سے محمد یار عالم بھی پائلٹ بننے میں کامیاب ہوئے ۔ Chimes Aviation Academy سے انہوں نے 14 ماہ کی پائلٹ ٹریننگ 18 ستمبر کو مکمل کی ۔ 14 ماہ میں انہیں 200 گھنٹے طیارہ چلانے کی تربیت فراہم کی گئی جس میں 185 گھنٹے محمد یار عالم نے سنگل انجن کا غبارہ اڑایا اور 15 گھنٹے ملٹی انجن طیارہ چلایا ،اگرچہ پائلٹ ٹریننگ حاصل کرنے والوں کو تنہا 100 گھنٹے طیارہ چلانے کی اجازت دی جاتی ہے لیکن محمد یار عالم کو 126 گھنٹے Solo پرواز کی اجازت ملی ۔ اس طرح و کمرشیل پائلٹ بننے میں کامیاب رہے ۔ محمد یار عالم کو پائلٹ ٹریننگ کے دوران سیسنا CESNA 172 سنگل انجن اور ڈائمنڈ DA42 ملٹی انجن طیارے چلانے کا موقع ملا ۔ وہ اپنے والد مولانا محمد شہریار ، بھائی احمد یار عالم اور پھوپی زاد بھائی محمد سرفراز احمد کے ہمراہ جناب زاہد علی خان ، جناب عامر علی خان ، افتخار حسین کو تہنیت پیش کرنے اور اظہار تشکر کیلئے دفتر سیاست پہنچے تھے ۔ ان کی کامیابی پر تینوں نے مسرت کا اظہار کرکے دبئی میں مقیم ممتاز شخصیت جناب احمد نواز خاں سے بات بھی کروائی ۔ محمد یار عالم نے کہا کہ روزنامہ سیاست نے پائلٹ بننے میرے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا ہے جس کیلئے ہم بارگاہ رب العزت میں سیاست فیملی کیلئے ہمیشہ دعاگو رہیں گے ۔ محمد یار عالم نے بتایا کہ اب وہ Type Writing کا کورس کریں گے ، 50 دن کا یہ کورس بحیثیت پائلٹ ملازمت پانے ضروری ہے ۔ وہ تھائی لینڈ یا لندن سے یہ کورس کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کیلئے 17 لاکھ روپئے درکار ہیں ۔ جناب زاہد علی خان ، جناب عامر خان اور جناب افتخار حسین کے ساتھ جناد احمد نواز خان نے انہیں ممکنہ مدد کا تیقن دیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر حیدر خان ، نوید احمد خاں ، محمد ریاض احمد بھی موجود تھے جبکہ دفتر سیاست میں محمد یار عالم کے والد مولانا محمد شہریار کی دعا کے یہ الفاظ گونج رہے تھے کہ اللہ جناب زاہد علی خاں ، جناب عامر علی خاں ، جناب افتخار حسین ان کی آل اولاد اور سیاست فیملی پر رحم فرما ، اُن کے عمر و اقبال میں ترقی عطا فرما ، انہیں ہمیشہ ملت کی مدد کا ذریعہ بنائے رکھے ، ساتھ ہی وہ دل کی گہرائیوں سے آمین بھی کہتے جارہے تھے ۔