ریاض: سعودی عرب کی حفر الباطن کمشنری میں گزشتہ 40 برس سے مؤذن اور امام کے فرائض انجام دینے والے ’محمد یعقوب‘ کا کہنا ہے کہ اہل قریہ نے مجھے کبھی اپنے سے جدا نہیں سمجھا۔ ماہ صیام کے سحر اور افطار کے لمحات میں زندگی بھر فراموش نہیں کر سکتا جو اس قصبے میں گزرے۔ میڈیا کے مطابق حفر الباطن کمشنری کے قصبے ’ام عشر‘ کی مسجد میں 40 برس قبل بطور موذن آنے والے ایشیائی محمد یعقوب کو مستقل طور پر وطن روانہ کرنے سے قبل اہل قصبہ نے ان کے اعزاز میں خوبصورت تقریب منعقد کی اور انہیں نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔سعودی ٹی وی نے بھی محمد یعقوب کا انٹرویو کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ آج سے 40 برس قبل یعنی سال ہجری 1404 میں حفرالباطن کمشنری کے قصبے ’ام عشر‘ میں آیا تھا یہاں کی مسجد میں مؤذن کے فرائض انجام دیئے بعدازاں نمازوں کی امامت کرنے کا شرف بھی حاصل ہوا۔