لندن ۔30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ای ایف ایل کپ سیمی فائنل کے سیکنڈ لیگ میں آسٹن وِلا نے لیسٹر سٹی کو 1-2 گول سے شکست کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں مانچسٹر سٹی اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ ولا پارک میں سیمی فائنل کا سیکنڈ لیگ انتہائی دلچسپ رہا، آسٹن ولا اورلیسٹر سٹی نے شروع ہی سے برق رفتارکھیل پیش کیااور12ویں منٹ میں آسٹن ولا میٹ ٹارگیٹ نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔کھیل کا پہلا ہاف 1-0 پر ختم ہوا، دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پرکئی حملے کیے، میچ کے 72ویں منٹ میں لیسٹر سٹی کے کیلیچی اناچو نے شاندار موو بناتے ہوئے گول کردیا اور مقابلہ 1-1 سے برابر ہوگیا۔ابھی میچ کی اختتامی سٹی بجنے کو تھی کہ انجری ٹائم میں آسٹن ولا کی جانب سے بھرپور حملہ ہوا، اور محمود حسن (ٹریزیگوئٹ) نے شاندار گول کردیا، جو فیصلہ کن گول ثابت ہوا۔ یہ میچ آسٹن ولا نے 2-1 دوگول سے جیتا اور گول کے فرق 3-2 کی کامیابی کے ساتھ فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔