آج افتتاح عمل میں آئے گا، ڈھائی کروڑ روپئے کا خرچ
حیدرآباد۔/16 اگسٹ، ( سیاست نیوز)وزیر داخلہ محمد محمود علی کے ایم ایل سی فنڈ سے سعید آباد منڈل کے بانو نگر میں 14000 مربع فیٹ پر اسکولی عمارت کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے۔ کل 17 اگسٹ صبح 10 بجے عمارت کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ وزیر داخلہ محمود علی نے ایم ایل سی فنڈ سے ڈھائی کروڑ روپئے مختص کئے تھے۔ اسکول کی افتتاحی تقریب میں ریاستی وزراء، عوامی نمائندے اور متعلقہ عہدیدار شرکت کریں گے۔ اس جدید تعمیر شدہ عمارت میں کرما گوڑہ میں موجود گورنمنٹ ہائی اسکول بوائز منتقل کیا جائے گا جو فی الوقت کرایہ کی عمارت میں کام کررہا ہے اور یہ عمارت انتہائی بوسیدہ حالت میں ہے۔ حالیہ دنوں کی بارش کا پانی کلاس رومس میں داخل ہوگیا تھا جس کے سبب طلبہ کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نئی عمارت میں منتقلی سے طلبہ ان مسائل سے محفوظ رہیں گے۔ اسکول میں 300 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ نئی تعمیر کردہ عمارت کے آغاز کے بعد سے ہر سال طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس عمارت میں طلبہ کی تمام سہولتوں کا خیال رکھا گیا ہے۔ کشادہ کلاس رومس، ہوا دار ہالس، کھیل کا میدان ، ٹائیلٹس اور پانی کی سہولت موجود ہے۔ اسکول کیلئے حکومت سے 3600 گز اراضی حاصل کی گئی تھی اور 14000 مربع فیٹ پر عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ باقی 14000 مربع فیٹ اسی عمارت کے اوپری حصہ میں تعمیر کی جائے گی جس پر مزید ڈھائی کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ اس طرح 5 کروڑ کی لاگت سے عمارت کی دو منزلیں مکمل ہوں گی۔ محمد محمود علی نے کہا کہ عملی سیاست میں قدم رکھنے کا مقصد تلنگانہ کے علاوہ مسلمانوں کے سیاسی، معاشی اور تعلیمی مسائل کے حل پر توجہ دینا ہے۔ مسلمان ہر شعبہ میں پسماندہ ہیں ۔کسی بھی قوم کی ترقی کا دارومدار تعلیم پر ہوتا ہے اور وہی قوم ترقی کرتی ہے جو تعلیم کے شعبہ میں ترقی کرے۔ ہندوستان میں مسلمانوں کی پسماندگی کسی سے چھپی ہوئی نہیں ہے۔ محمود علی نے کہا کہ انہیں ایک سیکولر قائد کا ساتھ ملا جو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ہیں۔ اسکولی عمارت کی تعمیر کی تکمیل پر انہیں مسرت ہے کہ انہوں نے مسلمانوں کی تعلیمی ترقی سے متعلق کام میں حصہ داری ادا کی ہے۔
