سیاست ہب فاونڈیشن کے جاب میلہ میں 30 امیدواروں کا آئی ٹی کمپنی کے لیے انتخاب ، تقرر نامے حوالے
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں کی جانب سے مسلمانوں میں تعلیمی اور اقتصادی شعور ( انہیں تعلیمی و معاشی طور پر مستحکم کرنے ) بیدار کرنے کی خاطر سیاست ہب فاونڈیشن کا قیام عمل میں لایا جس کے تحت ہر ماہ جاب میلوں کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے بے شمار بیروزگار مسلم لڑکوں و لڑکیوں کو روزگار یا ملازمتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ اس ضمن میں سیاست ہب فاونڈیشن کے جاب پلیسمنٹ سیل نے آج جناب عامر علی خاں کی قیادت و نگرانی میں جاب میلہ کا انعقاد عمل میں لایا ۔ جس میں جملہ 92 لڑکے لڑکیوں نے شرکت کی ۔ یہ انٹرویوز انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبوں میں ملازمتوں سے متعلق تھے ۔ ان 92 امیدواروں میں سے 30کا انٹرن کے طور پر انتخاب عمل میں آیا ۔ انہیں پہلے ایک ماہ کی تربیت دی جائے گی اور اس دوران 9 ہزار روپئے اسٹائی فنڈ دیا جائے گا اور دوسرے ماہ سے 18 ہزار روپئے ماہانہ تنخواہ معہ مراعات دی جائے گی ۔ اس جاب میلہ میں سی رچ انٹرنیشنل کمپنی کے ڈائرکٹر محمد نوید نے بطور خاص شرکت کی جب کہ میر مجاہد IBNAT فاونڈیشن ڈائرکٹر اور محمد شفیق طاہر IBNAT فاونڈیشن ڈائرکٹر بھی موجود تھے ۔ سیاست ہب فاونڈیشن کی ٹیم بشمول ڈائرکٹر جناب زاہد فاروقی ، مسٹر انہیست اور سائی شری منیجرس سیاست ہب فاونڈیشن نے امیدواروں کی رہنمائی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ واضح رہے کہ جن 30 امیدواروں کا انتخاب عمل میں آیا انہیں نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے تقرر نامے حوالے کئے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ انہوں نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ پوری محنت و لگن دیانتداری کے ساتھ خدمات انجام دیں ۔ اگر وہ پوری لگن اور دیانتداری کے ساتھ کام کریں گے تو کامیابی و خوشحالی ان کے قدم چومے گی ۔ جناب عامر علی خاں نے پر زور انداز میں یہ بھی کہا کہ نوجوانان ملت کی تعلیمی و معاشی ترقی میرا نصب العین ہے اور ہمیشہ اللہ رب العزت سے یہی دعا کرتے ہیں کہ وہ انہیں ملت کی ترقی کا ذریعہ بنائے ۔۔