محنت اور وقت کا صحیح استعمال کامیابی کی کلید

   

ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی نے ڈالی کامیابی کی بنیاد
یو پی ایس سی امتحان میں کامیاب فیضان احمد اور محمد حارث سمیر کی میڈیا سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : اگر آپ محنت کریں ، زندگی میں کچھ کرنے کا جذبہ رکھیں ، لوگوں کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں ، عزم و حوصلہ و پختہ یقین کے ساتھ آگے بڑھیں ۔ والدین کی فرمانبرداری کریں اور ان سب سے بڑھ کر اپنے رب ذوالجلال کے آگے سربسجود ہو کر دعائیں مانگیں اور اپنے رب کو راضی رکھیں تو پھر دنیا کی کوئی بھی طاقت آپ کی کامیابی کو نہیں روک سکتی ۔ ان خیالات کا اظہار ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی سے کوچنگ حاصل کرنے اور سیول سرویس مسابقتی امتحان کی تیاری کر کے کامیاب ہونے والے فیضان احمد اور محمد حارث سمیر نے کیا ۔ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے ہیڈ آفس واقع مانصاحب ٹینک میں ان دونوں قابل فخر و ہونہار نوجوانوں کی تہنیتی تقریب منعقد ہوئی ۔ اس سے قبل ایک میٹ دی پریس کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ۔ فیضان احمد کا تعلق راجستھان کے کوٹہ سے ہے جب کہ محمد حارث سمیر بیدر سے تعلق رکھتے ہیں ۔ حارث کے بڑے بھائی محمد ندیم الدین آئی پی ایس ہیں ۔ دونوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ہر انسان ایک خواب دیکھتا ہے اور ان خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے محنت ضروری ہوتی ہے ۔ ساتھ ہی حوصلہ افزائی بھی لازمی ہے ۔ اس معاملہ میں ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی آئی اے ایس اکیڈیمی نے ان کی ہر لحاظ سے مدد کی ۔ ویسے بھی ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی ہر سال ملک کے 70 سے زائد شہروں میں یو پی ایس سی امتحان کی تیاری کرانے کے لیے 30 ہونہار طلباء و طالبات کا انتخاب کرتی ہے ۔ اس کے لیے داخلہ ٹسٹ ہوتا ہے ۔ اس ٹسٹ میں منتخب ہونے والوں کو مفت قیام و طعام اور کوچنگ کے ساتھ ساتھ امتحانی مواد کی فراہمی کا مفت انتظام کیا جاتا ہے ۔ ان کے تمثیلی انٹرویوز کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں فیضان احمد نے جنہیں یو پی ایس سی میں 58 واں رینک حاصل ہوا بتایا کہ پریلیمنری ، مینس اور انٹرویو کے مرحلوں کے لیے سخت محنت کرنی پڑتی ہے وہ جب انٹرویو کے مرحلہ میں پہنچے تب انٹرویو پیانل کی چیرمین نے حیدرآباد کی خاصیت اس کی خوبی کے بارے میں سوال کیا جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد کی سب سے خاص بات وہاں کی مہمان نوازی ہے ۔ ( ویسے بھی حیدرآباد کی مہمان نوازی یہاں کے لوگوں کی محبت و مروت جذبہ ہمدردی ایثار و خلوص ساری دنیا میں مثالی ہے ) فیضان احمد اور محمد حارث نے یہ بھی بتایا کہ تعلیم ، خاتمہ غربت اور خواتین کو بااختیار بنانا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ آئی اے ایس بننے والے ان ہونہار نوجوانوں کے مطابق زندگی میں وقت کی بہت اہمیت ہے ۔ وقت کا صحیح استعمال کیا جائے تو کامیابی آپ کے قدم چومے گی ۔ ایک اور سوال کے جواب میں فیضان اور حارث نے یہ بھی بتایا کہ انہیں کامیابی کی راہ پر گامزن کرنے میں ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کا اہم کردار ہے اور نہ صرف حیدرآباد بلکہ ملک کے نونہالان ملت کو ایم ایس کی آئی اے ایس اکیڈیمی سے فائدہ اٹھانا چاہئے ۔ ان لوگوں نے یہ بھی بتایا کہ سابق پولیس کمشنر حیدرآباد اے کے خان نے جو ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی کے اتالیق ہیں ۔ انہوں نے ماک انٹرویوز کے ذریعہ کافی مدد کی جب کہ مہیش مرلی بھگوت کمشنر پولیس رچہ کنڈہ کی غیر معمولی حوصلہ افزائی بھی حاصل ہوئی ۔ فیضان احمد کے مطابق ان کے ہندو مسلم دوستوں نے بھی قدم قدم پر ان کی رہنمائی کی جب کہ ان کے مرحوم دادا ، دادی کی بھی یہی خواہش تھی کہ وہ آئی اے ایس بن کر خدمت خلق میں مصروف ہو ۔ فیضان کے والد احسان احمد ریلوے ماسٹر ہیں اور والدہ شاہدہ انصاری خاتون خانہ ہیں جب کہ محمد حارث سمیر کے والد محمد نعیم الدین ریٹائرڈ لکچرر ہیں اور والدہ خاتون خانہ ہیں ۔ بہر حال دونوں نے روزنامہ سیاست اور سیاست ٹی وی کے توسط سے قارئین و ناظرین و نوجوانان ملت کو یہ پیغام دیا کہ وہ زندگی میں کبھی وقت ضائع نہ کریں ۔ اپنے والدین اور اپنے رب اور پیارے نبی کریم ﷺ کی خوشنودی حاصل کریں ۔ میٹ دی پریس کے بعد ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی کے زیر اہتمام فیضان احمد اور محمد حارث سمیر کو تہنیت پیش کی گئی ۔ اس موقع پر صدر نشین ایم ایس جناب محمد لطیف خاں ، سینئیر ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد معظم حسین ، منیجنگ ڈائرکٹر انور احمد و دیگر موجود تھے ۔۔