محنت لگن، مستقل مزاجی فلمی صنعت میں کامیابی کے لیے ضروری

   

اردو یونیورسٹی میں فلم جائزہ کورس کا اختتام، ممتاز سنیماٹوگرافر سنتھل کمار کا خطاب
حیدرآباد، 25؍ فروری (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی میں اپنی نوعیت کے منفرد کورس ’’فلم جائزہ‘‘ (فلم اپریسی ایشن) جسے شہرہ آفاق فلمی تعلیم کے ادارہ فلمس اینڈ ٹیلی ویژن انسٹیٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی)، پونے کا یہ اولین کورس تھا، جس کا اہتمام انسٹرکشنل میڈیا سنٹر (آئی ایم سی) مانو کے اشتراک سے کیا گیا تھا، کل شام اختتام کو پہنچا۔ کورس کا آغاز 20؍ فروری کو ہوا تھا۔ حیدرآباد میں ایف ٹی آئی آئی کا یہ پہلا کورس ہے۔ باہوبلی، مگدھیرا اور ایگا سوپر ہٹ جیسی ہٹ فلموں میں سنیماٹوگرافی کرچکے اور ایف ٹی آئی آئی کے سابق طالب علم جناب کے کے سنتھل کمار نے اس موقع پر طلبہ سے تبادلہ خیال کیا۔ اختتامی اجلاس میں انہوں نے کہا کہ انہماک، محنت لگن اور عمدہ کوشش ہی کامیابی کی کلید ہے۔ انہوں نے اپنی فلموں کے تجربات بھی بیان کیے۔ مختصر مدتی کورس میں زائد از 80 شرکا نے اپنے تاثرات بیان کیے۔ اس کورس کو ایف ٹی آئی آئی کے طلبائے قدیم و فلم سازی کے ممتاز اساتذہ جناب منیش بھردواج اور جناب پنکج سکسینہ نے تیار کیا ہے۔ جناب پنکج سکسینہ نے شرکا کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ابتداء ہے اور سفر ابھی کافی طویل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میدان میں مستقل مزاجی ضروری ہے۔ جناب رضوان احمد، ڈائرکٹر آئی ایم سی نے حاضرین کو یقین دلایا کہ فلم سازی، اسکرپٹ رائٹنگ اور کیمرہ وغیرہ کے متعلق بہت جلد مختصر مدتی کورسز شروع کیے جائیں گے۔