نظام آبادمیں سی آئی ٹی یوکا اجلاس ‘ضلع صدرشنکر گوڑودیگرکاخطاب
نظام آباد: 28؍ دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سی آئی ٹی یو کے ریاستی ٹریژر راملو نے بی جے پی حکومت کی جانب سے نافذ کیے گئے مزدور مخالف چار لیبر کوڈز کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔وہ آج ضلع صدر شنکر گوڑ کی صدارت میں منعقدہ سی آئی ٹی یو ضلع آفس بیئررس اجلاس سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ انتظامیہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے محنت کش طبقے کو جدید غلام بنانے کی سازش کے تحت ہی مرکزی حکومت نے 21؍ نومبر کو لیبر کوڈز کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کیا راملو نے الزام عائد کیا کہ ان لیبر کوڈز کے ذریعے محنت کشوں کی جدوجہد سے حاصل شدہ آٹھ گھنٹے کی ڈیوٹی کو بارہ گھنٹے تک بڑھانے کی گنجائش دی گئی ہے، ہڑتال کرنے اور یونین بنانے کے حقوق کو مشکوک بنا دیا گیا ہے، مستقل ملازمت کے نظام کو ختم کرکے فکسڈ ٹرم ایمپلائمنٹ متعارف کرائی گئی ہے جس سے روزگار کا تحفظ ختم ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 ہزار روپے سے زائد تنخواہ پانے والوں کو مزدور کی تعریف سے خارج کر کے استحصال کا راستہ ہموار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی پالیسیاں بیک وقت مزدوروں، کسانوں، ملازمین اور غریب عوام پر حملہ ہیں، جن کے خلاف ملک گیر مزاحمتی تحریک کی تیاری جاری ہے۔ اسی سلسلے میں 19 ؍جنوری کو منعقد ہونے والی مزدور۔کسان یکجہتی ریالی میں بڑے پیمانے پر شرکت کی اپیل کی گئی۔ اجلاس سے ضلع سکریٹری نورجہاں بیگم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27؍ دسمبر سے 7؍ جنوری تک دیہاتوں میں وسیع اجلاس، گروپ میٹنگز اور پمفلٹ مہم کے ذریعے مرکزی حکومت کی پالیسیوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں ضلع ٹریژر ای وی ایل نارائن، معاون سکریٹری جنگم گنگادھر، سرینواس راج، ضلع نائب صدور موہن اور سکنیا سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی۔
