ڈائرکٹر اشوک ریڈی کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں فیصلہ
حیدرآباد۔8۔اپریل (سیاست نیوز) دونوں شہر وں حیدرآباد وسکندرآباد میں محکمہ آبرسانی کے ذریعہ رات کے اوقات میں ٹینکرس کے ذریعہ پانی کی سربراہی کے اقدامات کئے جائیں گے اور شہر میں بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر 24X7 ٹینکرس کے ذریعہ پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ منیجنگ ڈائریکٹر واٹر ورکس مسٹر اشوک ریڈی نے اس سلسلہ میں اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے موسم گرما کے دوران پینے کے پانی کی سربراہی کے علاوہ بڑھتی ہوئی طلب کے سلسلہ میں تفصیلات دریافت کیں اور آئندہ 60یوم کے جامع منصوبہ کی تیاری اور اس پر عمل آوری کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ موسم گرما کے دوران پانی کی قلت سے نمٹنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر مؤثر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے کئی علاقوں میں جہاں پانی کے ٹینکرس کی طلب میں اضافہ ہورہا ہے ان علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق آؤٹررنگ روڈ کے حدود میں محکمہ آبرسانی کی جانب سے کمرشیل اداروں بالخصوص ہوٹل و ریستوراں ‘ دواخانوں اور دیگر مقامات پر جو پانی کے ٹینکرس سربراہ کئے جاتے ہیں ان مقامات پر رات کے اوقات میں سربراہی عمل میں لائی جائے گی ۔عہدیداروں نے اجلاس کے دوران بتایا کہ دونوں شہروں میں 1250 پانی کے ٹینکرس ہیں جن کے ذریعہ پانی سربراہ کیا جاتا ہے اور ان ٹینکرس میں پانی بھرنے کے لئے دونوں شہروں میں 90 فلنگ اسٹیشن موجود ہیں اسی طرح 145 فلنگ پوائنٹس پر ان ٹینکرس میں پانی بھرنے کے اقدامات کو یقینی بنایا جاتا ہے لیکن آئندہ 60 دنوں کے لئے دونوں شہروں میں فلنگ پوائنٹس کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کا بھی اجلاس کے دوران جائزہ لیا گیا۔بتایاجاتاہے کہ دونوں شہروں میں پانی کی طلب میں ہونے والے اضافہ کے نتیجہ میں محکمہ آبرسانی کے ذریعہ ٹینکرس بک کروانے کی تعداد میں بھی زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے جس کی بنیادی وجہ دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں زیر زمین پانی کی سطح میں کمی ریکارڈ کیا جانا ہے۔ محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں نے بتایا کہ موسم گرما کے دوران شہریوں کو پینے کے پانی کی قلت کا سامنا نہ کرناپڑے اس کے لئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں اور پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔3/m/b