محکمہ آبرسانی کو 500 کروڑ کے بقایا جات وصول طلب

   

بقایاجات کی وصولی کیلئے نیاطریقہ کار اختیار کرنے کافیصلہ ،خواتین کی مدد لی جائے گی

حیدرآباد۔محکمہ آبرسانی کی جانب سے بقایاجات کی وصولی کیلئے نیا طریقہ کار اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب محکمہ آبرسانی کے بقایاجات کی وصولی کے لئے محکمہ کی جانب سے خواتین کی مدد حاصل کی جائے گی۔ محکمہ آبرسانی کو 500 کروڑ کے بقایاجات وصول طلب ہیں اور ان بقایاجات کی وصولی کیلئے محکمہ آبرسانی کی جانب سے شہر حیدرآباد میں موجود سیلف ہیلپ گروپس سے وابستہ خواتین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ مقامی خواتین کے ذریعہ بقایاجات کی وصولی کے لئے محکمہ آبرسانی نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کے لئے سیلف ہیلپ گروپ سے وابستہ منتخبہ خواتین کو شناختی کارڈ جاری کئے جائیں گے جو کہ بقایاجات کی وصولی کیلئے گھر گھر پہنچ کربل ادا نہ کرنے والوں سے بلوں کی ادائیگی کی خواہش کریں گی علاوہ ازیں محکمہ آبرسانی کی جانب سے یکمشت ادائیگی کے لئے فراہم کی جانے والی سہولتوں سے واقف کروائیں گی۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق محکمہ آبرسانی نے جنرل مینیجر کی سطح کے عہدیداروں کو اس کام کی ذمہ داری تفویض کی ہے اور انہیں ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے علاقہ کے سیلف ہیلپ گروپس کے ذمہ داروں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے ذریعہ آبرسانی بقایاجات کی وصولی کی مہم چلائیں اور اس کام کے گھر گھر جانے والی خواتین کو ماہانہ 10ہزار روپئے مشاہرہ ادا کیا جائے گا اور یہ خالص عارضی بنیادوں پر ہوگا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ محکمہ آبرسانی کے عہدیداران خواتین کی مدد کریں گے علاوہ ازیں ان خواتین کو گوگل پے‘ پے ٹی ایم اور ای پاس مشین کے استعمال کی تربیت بھی دی جائے گی تاکہ فوری طور پر ادائیگی کی صورت میں وصولی میں کوئی پریشان کن صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

محکمہ آبرسانی کی جانب سے ان خواتین کو بل ادا نہ کرنے والے صارفین کی فہرست اور تفصیلات حوالہ کی جائیں گی تاکہ وہ ان مکانات پر راست پہنچ کر بل اداکرنے کیلئے انہیں راغب کرواسکیں۔ محکمہ آبرسانی کی جانب سے فراہم کی جانے والی یکمشت ادائیگی کی سہولت15 ستمبر تک جاری رہے گی اور اس دوران آبرسانی بقایاجات کی ادائیگی کی صورت میں بلوں پر عائد کیا جانے والی جرمانہ اور سود معاف کردیا جائے گا۔محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں کو توقع ہے کہ سیلف ہیلپ گروپس کی خواتین کے ذریعہ بقایاجات کی وصولی کے عمل سے محکمہ کو وصول طلب رقم بہ آسانی حاصل ہونی شروع ہوجائے گی۔