ہائی کورٹ اور عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارتوں کا کام جاری، حیدرآباد تا وجئے واڑہ قومی شاہراہ کیلئے ٹنڈرس کی طلبی
حیدرآباد 8ڈسمبر (سیاست نیوز) محکمہ عمارات و شوارع نے گزشتہ دو برسوں میں سڑکوں کی تعمیر و توسیع اور بریجس کی تعمیر کیلئے ریکارڈ تعمیری کاموں کو انجام دیا ہے۔ حکومت کے دو سال کی تکمیل پر محکمہ آر اینڈ بی نے ترقیاتی کاموں کی تکمیل کی تفصیلات جاری کی۔ حکومت نے 239 کاموں کی منظوری دی جن کی مالیت 6617.86 کروڑ ہے، ان میں سے آر اینڈ بی نے 1659 کیلو میٹر سڑکوں کی تعمیر کا کام مکمل کرلیا اور 62 نئے بریجس تعمیر کئے ہیں۔ محکمہ نے 1383 کیلو میٹر سڑکوں کی توسیع کے علاوہ سنگل لائین کو ڈبل لائین میں تبدیل کیا۔ 242 کیلو میٹر سڑک کو 4 لائین میں تبدیل کیا گیا۔ عہدیداروں کے مطابق 514.80 کیلو میٹر سڑکوں کی توسیعی کام مکمل ہوچکے ہیں ۔ تلنگانہ میں ٹریفک سسٹم کو بہتر بنانے اور انفراسٹرکچر سہولتوں میں اضافہ کیلئے حکومت نے جامع پروگرام تیار کیا ہے ۔ حکومت نے 60799 کروڑ کا جامع ترقیاتی منصوبہ محکمہ آر اینڈ بی کے ذریعہ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ۔ حکومت نے سڑکوں کو بہتر بناکر ٹریفک حادثات میں کمی اور سڑکوں کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہائبر ڈانیویٹی ماڈل HAM کے تحت 419 سڑکوں کو ترقی دی گئی جس کیلئے 32 پیاکیجس پر عمل کیا گیا جس کا تخمینہ 11399 کروڑ ہے۔ حیدرآباد تا وجئے واڑہ ہائی وے کو 8 لائین میں تبدیل کرنے تفصیلی پراجکٹ رپورٹ تیار کی گئی ہے اور پراجکٹ کی مالیت 10400 طئے کی گئی ۔ عہدیداروں کے مطابق ریجنل رنگ روڈ جو حکومت کا اہم پراجکٹ ہے، توقع ہے کہ جلد کاموں کا آغاز ہوگا۔ حیدرآباد تا امراوتی مچھلی پٹنم گرین فیلڈ ایکسپریس وے کی تفصیلی پراجکٹ رپورٹ تیار کرنے ٹنڈرس طلب کئے گئے ۔ حیدرآباد تا سری سیلم ایلیویٹیڈ کوریڈار منا نور تا سری سیلم 8000 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا ۔ ورنگل ، عادل آباد اور راما گنڈم میں نئے ایرپورٹس کی تعمیر کا منصوبہ ہے ۔ عہدیداروں کے مطابق ورنگل میں ایرپورٹ کے تعمیری کام ابتدائی مرحلہ میں ہے اور توقع ہے کہ آئندہ سال تک ورنگل ایرپورٹ کے کارگو سرویس کا آغاز ہوجائے گا ۔ ایرپورٹ کے لئے 7000 کروڑ لاگت سے ایک کروڑ مربع فٹ پر محیط وسیع عمارت تعمیر کی جائیگی۔ بی آر ایس دور میں ائرپورٹ کی تعمیر کا منصوبہ تھا لیکن تعمیری سرگرمیوں کا آغاز نہیں ہوا۔ محکمہ آر اینڈ بی کے تحت راجندر نگر میں 2583 کروڑ سے تلنگانہ ہائی کورٹ کا نیا کامپلکس تعمیر کیا جارہا ہے۔ گوشہ محل اسٹیڈیم اراضی پر 2700 کروڑ سے عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت تعمیر کی جارہی ہے۔ صنعت نگر ، الوال ، ایل بی نگر میں تلنگانہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔ ورنگل میں سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کی تعمیر جلد مکمل ہوجائے گی۔ وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے ڈپارٹمنٹ کی دو سالہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔1