محکمہ آر ٹی سی کی صد فیصد بس کو چلانے اقدامات کی ہدایت

   

ریاستی وزیر اجئے کمار کی تمام اضلاع کے کلکٹر اور پولیس عہدیداروں کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس

جگتیال /15 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر برائے محکمہ حمل و نقل پوواڑہ اجئے کمار نے محکمہ آر ٹی سی کی ہڑتال کے باعث متبادل انتظامات کے سلسلے میں تمام اضلاع کے کلکٹروں اور محکمہ پولیس کے اعلی عہدیداروں کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا ۔ اس موقع پر انہوں نے تاکید کی کہ محکمہ آر ٹی سی سے وابستہ صد فیصد بسوں کو چلانے کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کلکٹروں سے تاکید کی کہ وہ آر ٹی سی کے حالات کا جائزہ لینے کیلئے ضلعی سطح پر نوڈل آفیسرس کا تقرر کریں ۔ وہ ڈپو منیجروں کے ساتھ تال میل پیدا کرتے ہوئے محکمہ آر ٹی سی و خانگی اور کرایہ کے بسوں کو چلانے کے انتظامات کریں ۔ مسافروں کو کسی بھی قسم کی مشکلات درپیش ہونے نہ دیا جائے اور محکمہ آر ٹی سی کی جانب سے مقررہ کردہ کرایہ سے زائد کرایہ وصول نہ کرنے دیا جائے ۔ بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی ۔ بس کی نوعیت کے اعتبار سے کرایوں کی تفصیلات کو بسوں میں چسپاں کیا جائے ۔ محکمہ آر ٹی سی کی تمام بسوں کو چلانے کیلئے عارضی طور پر ملازمین کے تقررات کئے جائیں ۔ اس ضمن میں نوڈل آفیسرس تمام تفصیلات اکٹھا کریں ۔ ڈرائیوروں کے تقررات سے قبل ان کے سابقہ تجربات کے ساتھ ان کے اسناد کا جائزہ لیا جائے ۔ ہر ڈرائیور کی خدمات سے قبل ڈرنک اینڈ ڈرائیو کی جانچ کی جائے ۔ عہدیداروں کو تاکید کریں کہ وہ ڈرائیورس کو تاکید کریں کہ مقررہ رفتار سے زائد رفتار سے بسیں نہ چلائیں ۔ محکمہ آر ٹی سی کی جانب سے جاری کردہ تمام بس پاس کو قبول کیا جائے ورنہ عہدیادروں پر سخت کارروائی کرنے کا ریاستی وزیر نے انتباہ دیا ۔ انہوں نے تاکید کی کہ تمام قسم کی خدمات کیلئے عارضی طور پر عملہ کا تعین عمل میں لایا جائے ۔ حکومت کی جانب سے ڈرائیورس کیلئے 1500 روپئے کنڈکنٹر کیلئے 1000 روپئے میکانک کیلئے (Volvo) 2000 روپئے ، Volvo بسوں کے ڈرائیور کیلئے 2000 روپئے آئی ٹی ٹرینر کیلئے 1500 روپئے یومیہ ادا کئے جائیں گے ۔ ہر بس میں ٹکٹ کی ادائیگی کرنے کی ریاستی وزیر نے تاکید کی ۔ ہر بس ڈپو کے روبرو سخت سیکوریٹی انتظامات کئے جائیں ۔ محکمہ حمل و نقل کے عہدیداران کے ذریعہ بسوں کی اچانک تنقیح کروائی جاتی رہے اور سہولتوں سے واقفیت حاصل کی جاتی رہے ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر ڈاکٹر اے شرت نے کہا کہ ضلعی سطح پر جملہ 90 تا 100 بسوں کو چلایا جارہا ہے ۔ ضلع میں موجود 3 بسوں کی سب کلکٹر ، آر ڈی او کی جانب سے نگرانکاری کی جاری ہے ۔ بسوں کی درستگی کیلئے میونسپل کمشنروں نے اپنے حدود کے میکانکوں کی خدمات حاصل کر رہے ہیں ۔ ہر ڈپو کیلئے تین ٹائپ تحصیلداروں وی آر اوز کے علاوہ 5 کمپیوٹر آپریٹروں کا تقرر کیا گیا ہے ۔ بلاکسی الجھن کے پرامن احول میں بسوں کو چلانے کا انہوں نے تیقن دیا ۔ اس موقع پر جوائنٹ کلکٹر بی راجیشم ، سب کلکٹر گوتم پترو ، آر ڈی او جی نریندر ، آر ٹی او کشن کے علاوہ آر ٹی سی ڈپو منیجران کی شرکت کی ۔