محکمہ اسٹامپس و رجسٹریشن کی آمدنی میںگذشتہ پانچ سال میں پہلی بار بھاری اضافہ

   

اراضیات کی مارکٹ قدر میںاضافہ کے اشاروں کے بعد رجسٹریشن سرگرمیاں بڑھ گئیں ۔ حکومت کو اضافی آمدنی
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن کی آمدنی میں گذشتہ پانچ سال میں پہلی مرتبہ زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ گذشتہ سال کی بہ نسبت جاریہ سال اپریل تا جولائی تک 7.44 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ حکومت نے ماہ اگست میں اراضیات کی مارکیٹ قدر پر نظر ثانی کا اشارہ دیا تھا جس کے بعد رجسٹریشن کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ موجودہ مالیاتی سال کے پہلے چار ماہ کی آمدنی 5,126.77 کروڑ روپئے ہے ۔ جبکہ گذشتہ سال 2023-24 میں 4,771.61 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی تھی ۔ رواں سال 355.16 کروڑ روپئے کی زائد آمدنی ہوئی ہے ۔ اراضیات کی مارکیٹ قدر میں نظر ثانی کرنے حکومت کے اشارے کے بعد رجسٹریشن کرانے کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ اراضیات کی مارکٹ قدر میں اضافہ کرنے پر رجسٹریشن کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کا رجحان پیدا ہوگیا جس کے نتیجے میں رجسٹریشن کی سرگرمیوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگیا ۔ عوام کے علاوہ رئیل اسٹیٹ کمپنیوں نے بھی اس میں کافی سرگرمی دکھائی ہے ۔کچھ منصوبوں میں پیشگی ادائیگیاں کی گئی اور رجسٹریشن کرائی گئی ۔ جسکے نتیجے میں گذشتہ سال کے مقابلے جون میں 113.31 کروڑ روپئے جولائی میں 451.97 کروڑ روپئے زائد کی آمدنی ہوئی ۔ جولائی میں 2.05 لاکھ دستاویزات کا رجسٹریشن ہوا جبکہ گذشتہ سال اسی مہینے میں 1.73 لاکھ دستاویزات کا رجسٹریشن ہوا تھا ۔ جب کہ اپریل اور مئی میں معمول کے مطابق رجسٹریشن کئے گئے تھے ۔ جاریہ سال اپریل میں 1,115.22 کروڑ مئی میں 1,079.315 کروِڑ جولائی میں 1,639.37 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ۔ گذشتہ پانچ سال سے محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن کی آمدنی توقع کے مطابق نہیں رہی جو نشانہ مختص کیا گیا تھا اس کا حصول ممکن نہیں ہوسکا ۔ کورونا بحران میں آمدنی گھٹ گئی ۔ 2022 سے اس میں بتدریج اضافہ کا رجحان دیکھا گیا ہے ۔ 2023 میں آمدنی میں کسی قدر اضافہ ہوا تاہم اس کے دوسرے سال توقع کے مطابق آمدنی نہیں ہوئی ۔ سال 2023-24 میں حکومت کی جانب سے مختص کردہ نشانہ میں 85 فیصد آمدنی حاصل ہوئی ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیر مال پونگولیٹی سرینواس ریڈی کی جانب سے مسلسل جائزہ اجلاس طلب کرتے ہوئے جاریہ مالیاتی سال مختص کردہ نشانہ کے مطابق آمدنی حاصل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ جن سب رجسٹرار دفاتر کی آمدنی زیادہ ہوگی انہیں عصری تقاضوں سے لیس کرنے کے علاوہ اصلاحات کرنے کا بھی اعلان کیاگیا ہے ۔ ریاست میں اراضیات کی مارکٹ قدر میں نظر ثانی کرنے کا اعلان کیا اور اس کا اضلاع واری سطح پر جائزہ اجلاس منعقد کرنے کے عمل کا آغاز کیا ۔ دوسری جانب اراضی کی مارکٹ قدر پر نظر ثانی کرنے کا عمل بھی جاری ہے ۔ مارکٹ کی نئی قدر پر ستمبر سے عمل ہونے کا قوی امکان ہے ۔ 2