برسر خدمت عہدیداروں کی شدید مخالفت ، موظف عہدیداروں پر بدعنوانی کے الزامات
حیدرآباد۔28اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ اقلیتی بہبود میں عہدیداروں اور ملازمین کی منظورہ جائیدادوں پر عہدیداروں اور عملہ کے تقرر کے بجائے وظیفہ یاب عہدیداروں کو بازآباد کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔محکمہ اقلیتی بہبود کے اداروںمیں عہدیداروں کی قلت کو دور کرنے کیلئے اب تک جو کوششیں کی جاتی رہی ہیں ان میں بڑی حد تک ناکامی کا سامنا کرنے کے بعد اب اس بات کی کوشش کی جار ہی ہے کہ ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت خدمات انجام دینے والے اداروں میں وظیفہ پر سبکدوش ہونے والے عہدیدارو ںکو آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی کے طور پر نامزد کیا جائے ۔ محکمہ میں خدمات انجام دے رہے عہدیداروں کا کہناہے کہ اگر اس طرح کے فیصلہ کو منظوری حاصل ہوتی ہے تو ایسی صورت میں محکمہ کے تحت موجود اداروں کی حالت مزید ناگفتہ بہ ہوجائے گی اسی لئے محکمہ اقلیتی بہبود کے اداروں کو وظیفہ یابان کی بازآبادکاری کے مرکز میں تبدیل کرنے سے روکنے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاستی حکومت کوروانہ کردہ ایک تجویز میں یہ کہا گیا ہے کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے اداروں میں خدمات انجام دے چکے عہدیدارو ںکو دوبارہ آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی نامزد کرتے ہوئے کارکردگی کو بہتر بنانے کے اقداما ت کئے جانے چاہئے لیکن اس تجویز کی برسرخدمت اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے شدید مخالفت کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ جن عہدیداروں پر بدعنوانیوں کے الزامات ہیں ان عہدیداروں کی بازآبادکاری کے لئے اقلیتی بہبود کے اداروں کے استعمال کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ مسلسل یہ تاثر پیش کیا جا رہاہے کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے اور چیف منسٹر خوش نہیں ہیں لیکن اس نظریہ کو فروغ دینے والوں کی جانب سے محکمہ اقلیتی بہبود میں عہدیداروں کی قلت اور دوسرے محکمہ کے عہدیداروں کے ذریعہ اب تک چلائی جا رہی خدمات کا تذکرہ نہیں کیا جا رہاہے اور نہ ہی اس بات کی حکومت کو شکایت روانہ کی جا رہی ہے بلکہ حکومت کو یہ تاثر دیا جا رہاہے کہ اگر وظیفہ یابان کو آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی نامزد کیا جاتا ہے تو کارکردگی بہتر ہوگی لیکن یہ نہیں کہا جا رہاہے کہ عہدیدارموجود ہی نہیں ہیں جس کی وجہ سے کارکردگی متاثر ہورہی ہے ۔ م
محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے بتایا کہ اگر اقلیتی اداروں میں وظیفہ پر سبکدوش ہونے والوں کو نامزد کرنے کے اقدامات کئے جاتے ہیں تو اعلیٰ عہدیداروں کو عدم تعاون کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ تلنگانہ میں اقلیتی بہبود کے تحت خدمات انجام دینے والے ادارو ںکی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے سب سے پہلے مخلوعہ عہدوں پر اس عہدہ کے لئے درکار اہل عہدیدار کے تقرر کو یقینی بنا یا جائے اور ان تمام نااہل عہدیداروں کو ان کے محکمہ جات کو واپس روانہ کیا جائے جو عہدہ کے لئے اہل نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود عہدہ پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔م
