محکمہ اقلیتی بہبود کیلئے 18.12 کروڑ روپئے کی اجرائی

   

حیدرآباد۔ حکومت نے محکمہ اقلیتی بہبود کیلئے 18 کروڑ 12 لاکھ 50 ہزار روپئے کا بجٹ جاری کیا ہے۔ سکریٹری فینانس ڈاکٹر ٹی کے سری دیوی نے احکامات جاری کئے۔ مالیاتی سال 2021-22 کے تحت اقلیتی اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں، اعزازیہ اور دیگر پروفیشنل چارجس کی تکمیل کیلئے یہ رقم جاری کی گئی۔ تلنگانہ اسٹڈی سرکل کیلئے 50 لاکھ روپئے منظور کئے گئے جبکہ مزید دیڑھ کروڑ کی اجرائی باقی ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کیلئے 57.5 لاکھ کی منظوری دی گئی ہے۔ بجٹ سے مزید ایک کروڑ 12 لاکھ کی اجرائی باقی ہے۔ تلنگانہ وقف بورڈ کو ائمہ اور موذنین کے اعزازیہ کیلئے 16 کروڑ 50 لاکھ جاری کئے گئے۔ اعزازیہ کے تحت مزید 49 کروڑ 50 لاکھ کی اجرائی باقی ہے۔ سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز کیلئے 37.5 لاکھ کی اجرائی عمل میں آئی جبکہ بجٹ میں منظورہ رقم کے اعتبار سے مزید ایک کروڑ 12 لاکھ کی اجرائی باقی ہے۔ حکومت نے جاریہ سال کورونا اور لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں سرکاری خزانہ کی آمدنی میں کمی کے باعث اقلیتی بہبود کی اسکیمات کیلئے بجٹ جاری نہیں کیا ہے۔