محکمہ اقلیتی بہبود کی اسکیمات کیلئے دوسرے سہ ماہی کے تحت 273 کروڑ کی اجرائی

   

راجیو یوا وکاسم کے لیے 210 کروڑ مختص، ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کے لیے 30 کروڑ
اسٹڈی سرکل، دائرۃ المعارف اور دیگر اداروں کیلئے بھی فنڈس کی گنجائش، سکریٹری شفیع اللہ کے احکامات
حیدرآباد 12 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے محکمہ اقلیتی بہبود کو مالیاتی سال 2025-26ء کے دوسرے سہ ماہی کے تحت 273 کروڑ 42 لاکھ 25 ہزار روپئے کی رقم مختص کی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ نے دوسرے سہ ماہی کے بجٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں جی او آر ٹی 66 جاری کیا۔ اقلیتی بہبود کی اسکیمات اور اقلیتی اداروں کے انتظامی اُمور کے لئے یہ رقم مختص کی گئی۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے تحت راجیو یوا وکاسم کے لئے 210 کروڑ مختص کئے گئے۔ حکومت نے غریب اقلیتی نوجوانوں کو روزگار کے آغاز کے لئے امداد فراہم کرنے راجیو یوا وکاسم اسکیم کا اعلان کیا جس کے تحت اقلیتی بہبود کے لئے 480 کروڑ مختص کئے گئے۔ پہلے سہ ماہی میں 210 کروڑ مختص کئے گئے تھے۔ مجموعی طور پر 420 کروڑ مختص کئے گئے ہیں اور مزید 420 کروڑ کی اجرائی باقی ہے۔ ٹریننگ اینڈ ایمپلائمنٹ برائے اقلیت اسکیم کے لئے 7.50 کروڑ مختص کئے گئے۔ اسکیم کے لئے بجٹ میں 30 کروڑ مختص کئے گئے اور پہلے اور دوسرے سہ ماہی میں جملہ 15 کروڑ جاری کئے گئے اور مزید 15 کروڑ کی اجرائی باقی ہے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کو ویلفیر اسکیمات پر عمل آوری کے لئے 19.08 کروڑ مختص کئے گئے۔ اِس اسکیم کے تحت پہلے سہ ماہی میں 55.9 کروڑ مختص کئے گئے تھے۔ گورنمنٹ ہاسٹلس کے لئے 6.92 کروڑ مختص کئے گئے اور اِس اسکیم کے تحت بجٹ میں 27.7 کروڑ کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ اُردو گھر شادی خانوں کے لئے حکومت نے 3 کروڑ روپئے مختص کئے جبکہ اسکیم کا مجموعی بجٹ 12 کروڑ ہے اور پہلے سہ ماہی میں 3 کروڑ جاری کئے گئے۔ میناریٹیز اسٹڈی سرکل کے لئے بجٹ میں 4 کروڑ کی گنجائش ہے جس میں سے 2 سہ ماہی میں جملہ 2 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی۔ مزید 2 کروڑ کی اجرائی آئندہ اقساط میں ہوگی۔ دائرۃ المعارف عثمانیہ یونیورسٹی کے لئے 75 لاکھ روپئے مختص کئے گئے۔ بجٹ میں 3 کروڑ کی گنجائش تھی اور پہلے سہ ماہی میں 75 لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ مزید 1.5 کروڑ کی اجرائی باقی رہے گی۔ اُردو اکیڈیمی کو امداد کے طور پر 29.25 کروڑ مختص کئے گئے۔ بجٹ میں مجموعی گنجائش 117 کروڑ کی ہے۔ تلنگانہ وقف بورڈ کے تحت آئمہ اور مؤذنین کو ماہانہ اعزازیہ کی اسکیم کے لئے 30 کروڑ مختص کئے گئے۔ اسکیم کے لئے جملہ بجٹ 120 کروڑ مختص کیا گیا ہے جس میں پہلے سہ ماہی میں 30 کروڑ جاری کئے گئے۔ مزید 2 سہ ماہی کے تحت 60 کروڑ جاری کئے جائیں گے۔ سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف مائناریٹیز کے لئے بجٹ میں 3 کروڑ کی گنجائش ہے جس میں سے دوسرے سہ ماہی میں 75 لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ ادارہ کو مزید 1.5 کروڑ کی اجرائی باقی رہے گی۔ مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے مینٹیننس کے لئے 82.5 لاکھ جاری کئے گئے۔ بجٹ میں اِس مقصد سے 3.30 کروڑ مختص کئے گئے۔ وقف ٹریبونل کے لئے 5 لاکھ کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ اقلیتی بہبود کی اسکیمات کے لئے مجموعی طور پر 1177.34 کروڑ کی گنجائش رکھی گئی ہے جس میں پہلی سہ ماہی میں 310.25 کروڑ جاری کئے گئے تھے جبکہ دوسری سہ ماہی میں 273.42 کروڑ کی اجرائی کے احکامات جاری کئے گئے۔1