محکمہ اقلیتی بہبود کی بے اعتنائی ، مکہ مسجد میں سائبان ندارد

   

صلواۃ الجمعہ میں مصلیوں کو شدید تکلیف کا سامنا ، گرمی کی شدت پر مصلیان برہم
حیدرآباد۔8 مارچ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں موسم گرما کے سبب جمعہ کے موقع پر مصلیوں کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے اور محکمہ اقلیتی بہبود کی بے اعتنائی و لاپرواہی کے سبب مصلیوں کو شدید گرمی کے باوجود کھلے آسمان کے نیچے نماز کی ادائیگی پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے ۔ مکہ مسجد میں موسم گرما اور بارش کیلئے نصب کئے جانے والے عارضی سائبان کی تنصیب کے سلسلہ میں متعدد مرتبہ توجہ دہانی کے باوجود بھی محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے اس سلسلہ میں برتی جانے والی بے اعتنائی پر مصلیوں میں شدید برہمی پائی جاتی ہے کیونکہ مکہ مسجد میں جمعہ کے موقع پر ہزاروں کی تعداد میں شہر کے مختلف مقامات سے نماز کی ادائیگی کے لئے پہنچتے ہیں لیکن ان مصلیوں کو بھی حکومت کی جانب سے سہولت کی فراہمی عمل میں نہیں لائے جانے پر افسوس کا اظہار کیا جا رہاہے اور کہا جار ہاہے کہ حکومت کی جانب سے مسلم اداروں کی ترقی و مسلمانوں کو سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں بے اعتنائی برتی جانے لگی ہے ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست کی اقلیتوں کے لئے متعدد اعلانات کئے جا رہے ہیں لیکن ان پر عمل آوری کے سلسلہ میں اب تک کوئی مثبت اقدامات نہیں کئے گئے جس کی مثال مکہ مسجد میں مصلیوں کو سہولتوں کی فراہمی میں ناکامی ہے۔ تاریخی مکہ مسجد میں موسم گرما اور برسات کے دوران عارضی سائبان کی تنصیب کے سلسلہ میں کی جانے والی نمائندگیاں بے اثر ثابت ہورہی ہیں لیکن محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کا کہناہے کہ حکومت کی جانب سے بہت جلد اس سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے زیر انتظام موجود مکہ مسجد میں مصلیوں کو ہونے والے مسائل کو دور کرنے کے لئے متعدد مرتبہ نمائندگیوں اور تنخواہوں کے مسئلہ پر احتجاج کی دھمکیوں کے باوجود بھی ان مسائل کو حل نہیں کیا گیا بلکہ کئی مرتبہ مصلیوں نے حکومت کی جانب سے ناکامی کی صورت میں چندہ وصول کرتے ہوئے مصلیوں کو سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کا اعلان کیا اس کے باوجود بھی حکومت کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی بلکہ یہ کہا جار ہاہے کہ شہر حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں جاری تعمیری و مرمتی کاموں کے سبب عارضی سائبان کی تعمیر عمل میں نہیں لائی جا رہی ہے جبکہ ماہرین کا کہناہے کہ مکہ مسجد کے مرمتی کاموں کا عارضی سائبان سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے ذرائع نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ بجٹ موجود نہ ہونے کے سبب مکہ مسجد میں عارضی سائبان کی تنصیب کے سلسلہ میں کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں جبکہ مشیر برائے ریاستی حکومت جناب عبدالقیوم خان نے اپنے حالیہ دورہ مکہ مسجد کے دوران اس بات کا اعلان کیا تھا کہ تاریخی مکہ مسجد میں کئے جانے والے روایتی اقدامات میں کوئی ترمیم نہیں کی گئی ہے اور بہت جلد عارضی سائبان کی تعمیر کے اقدامات کئے جائیں گے لیکن تاحال اس سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہ ہونے کے سبب آج بھی مصلیوں کو شدید دھوپ میں کھلے آسمان کے نیچے نماز ادا کرنی پڑی اور مصلیوں نے شدید جھلسا دینے والی گرمی کی شکایت کی ۔