ایم بی شفیع اللہ کے تبادلے پر حج کمیٹی و اردو اکیڈیمی کے عہدے مخلوعہ
حیدرآباد۔4۔جنوری(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے تلنگانہ ریاستی اقلیتی اقامتی اسکول سوسائیٹی میں خدمات انجام دے رہے آئی ایف ایس عہدیدار جناب ایم بی شفیع اللہ کو ہٹائے جانے اور ان کی جگہ محترمہ عائشہ مسرت خانم کو سیکریٹری ٹمریز کی ذمہ داری تفویض کئے جانے کے بعد محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت خدمات انجام دینے والے مزید 2 اداروں میں سربراہ کا عہدہ مخلوعہ ہوچکا ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت خدمات انجام دینے والے اداروں تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈمی کے ڈائریکٹر سیکریٹری اور تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی کے اکزیکیٹیو آفیسر کے عہدہ کی زائد ذمہ داری بھی جناب ایم بی شفیع اللہ کے پاس تھی اور ان کو سیکریٹری ٹمریز کے عہدہ سے ہٹائے جانے کے ساتھ یہ دونوں عہدے بھی مخلوعہ ہوچکے ہیں ۔محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت خدمات انجام دینے والے اداروں میں عہدیداروں کی قلت کے دوران ٹمریز میں جاری سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے حکومت نے شفیع اللہ کو ان کے عہدہ سے ہٹانے کے احکام جاری کئے ہیں لیکن انہیں کسی اور مقام پر تقرر نہیں کیا گیا جبکہ ان کو ہٹائے جانے کے ساتھ ہی محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت موجود مزید دو اداروں کے سربراہان کے عہدے خالی ہوچکے ہیں ۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیدارو ںکے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ کے اداروں میں نئے عہدیداروں کی خدمات کے حصول کے علاوہ بعض عہدیداروں کی ترقی کے سلسلہ میں بھی اقدامات کا جائزہ لیا جا رہاہے۔3