محکمہ برقی میں 3025 جائیدادوں پر تقررات کا اعلامیہ جاری

   

ایس ایس سی، آئی ٹی آئی اور گریجویٹ امیدواروں کے لیے مواقع، امتحانات کے شیڈول کا اعلان
حیدرآباد۔17 اکٹوبر (سیاست نیوز) محکمہ برقی میں 3025 جائیدادوں پر تقررات کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ تلنگانہ سدرن پاور ڈسٹربیوشن کمپنی لمیٹڈ میں جونیئر لائین مین، جونیئر اسسٹنٹ کم کمپیوٹر آپریٹر اور جونیئر پرسنل آفیسر کے عہدوں پر تقررات کیلئے ایس ایس سی، آئی ٹی آئی اور ڈگری اہلیت رکھنے والے امیدوار درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ اعلامیہ کی اجرائی سے طویل عرصہ سے تقررات کے منتظر امیدواروں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ جونیئر پرسنل آفیسر، جونیئر لائین مین کے عہدوں کیلئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کا 22 اکٹوبر اور جونیئر اسسٹنٹ کم کمپیوٹر آپریٹر عہدے کیلئے 31 اکٹوبر سے درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوگا۔ جونیئر لائین مین کی 2500، جونیئر اسسٹنٹ کم کمپیوٹر آپریٹر 500 اور جونیئر پرسنل آفیسر کی 25 جائیدادوں پر تقررات کیئے جائیں گے۔ جونیئر پرنسل آفیسر اور جونیئر لائین مین کی جائیدادوں کے لیے فیس کی ادائیگی کا 21 اکٹوبر سے آغاز ہوگا۔ جونیئر پرسنل آفیسر اور جونیئر لائین مین کی جائیدادوں کے لیے 22 اکٹوبر سے آن لائین درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ فیس کے ادخال کی آخری تاریخ 10 نومبر مقرر کی گئی ہے اور 5 ڈسمبر کو ہال ٹکٹس ڈائون لوڈ کیئے جاسکتے ہیں۔ 15 ڈسمبر کو امتحان منعقد ہوگا۔ جونیئر اسسٹنٹ کم کمپیوٹر آپریٹر کی جائیدادوں کے لیے 30 اکٹوبر سے فیس کی ادائیگی کا آغاز ہوگا۔ جبکہ 31 اکٹوبر سے درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوگا۔ فیس اور درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 20 نومبر 5 بجے شام ہے۔ ہال ٹکٹس 11 نومبر سے ڈائون لوڈ کیئے جاسکتے ہیں جبکہ 22 ڈسمبر کو امتحان مقرر ہیں۔ جونیئر لائین مین کیلئے ایس ایس سی، الیکٹریکل ٹریڈ، وائرمین ٹریڈ میں آئی آئی ٹی یا انٹرمیڈیٹ میں الیکٹریکل ووکیشنل کورس کامیاب امیدوار اہلیت رکھتے ہیں۔ جونیئر اسسٹنٹ کم کمپیوٹر آپریٹر کے لیے گریجویشن کو اہلیت کی شرط رکھا گیا ہے۔ جونیئر پرسنل آفیسر کے عہدے کے لیے امیدوار کو بی اے ، بی کام یا بی ایس سی فرسٹ کلاس میں کامیاب کرنا ہوگا۔ جونیئر لائین مین پوسٹ کیلئے 18 تا 35 سال، جونیئر پرسنل آفیسر اور جونیئر اسسٹنٹ کم کمپیوٹر آپریٹر کیلئے 18 تا 34 سال کے امیدوار درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ درخواستوں کے لیے 100 روپئے اور امتحان کے لیے 120 روپئے مقرر کئے گئے۔