ڈیجیٹل پلیٹ فارمس سے بھی ادائیگی ، ایم ڈی مشرف فاروقی کی کارروائی
حیدرآباد 20 فروری (سیاست نیوز) جنوبی تلنگانہ اسٹیٹ الیکٹرسٹی پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (ٹی جی ایس پی ڈی سی ایل) میں مختلف عہدوں پر تعینات 8 افسران کو صارفین سے رشوت وصول کرنے کے الزام میں معطل کردیا گیا ہے۔ یہ کارروائی کارپوریشن کے ایم ڈی مشرف فاروقی کی جانب سے کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ رشوت حاصل کرنے والے عہدیداران نے فون پے جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارمس پر بھی رشوت وصول کی تھی۔ محکمہ کی انسداد رشوت سیل (اے بی سی) کو صارفین کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہوئیں جن میں الزام لگایا گیا کہ یہ افسران نئے برقی کنکشن، پینل بورڈز کی تنصیب اور ٹرانسفارمرس کی منظوری جیسے سرکاری خدمات کے بدلے بھاری رشوت کا مطالبہ کررہے تھے۔ 18 فروری کو منیجنگ ڈائریکٹر کی جانب سے سیل کو موصول شدہ شکایات کی جائزہ رپورٹنگ کے دوران اُن 8 عہدیداران کی نشاندہی ہوئی، جنہیں فون پر رشوت طلب اور وصول کرنے کے ثبوت ملے۔ حکومت نے فرائض میں لاپرواہی اور عوام سے مبینہ طور پر رقم ہڑپنے کے الزامات پر فوری طور پر ان عہدیداران کو معطل کردیا۔ معطل ہونے والوں میں اسسٹنٹ ڈویژنل انجینئرز (اے ڈی ایز)، اسسٹنٹ انجینئرز (اے ایز) اور سب انجینئرز شامل ہیں۔ ٹھوس شواہد کے پیش نظر نظم و ضبط کی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ یہ کارروائی تلنگانہ حکومت کی بدعنوانی کے خاتمہ اور عوامی خدمات کی فراہمی میں شفافیت کو یقینی بنانے کی سنجیدگی کی عکاسی کرتی ہے۔ب