محکمہ بہبودی اطفال و خواتین کا رضاکارانہ تنظیم کے ساتھ اجلاس

   

جگتیال۔ریاستی و مرکزی حکومت کی جانب سے محکمہ بہبودی اطفال و خواتین کی زیر نگرانی ” پرکروتی ” نامی رضاکارانہ تنظیم کی جانب سے سکھی ون اسٹاپ سنٹر مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس شہر جگتیال کے آئی ایم اے ہال میں ضلع کے تمام محکمہ جات کے عہدیداران کے ساتھ منعقد کیا گیا۔اجلاس کے ابتداء میں پرکروتی تنظیم کی سی ای او جیا شری نے تنظیم کی جانب سے روبہ عمل لائی جارہی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔سکھی مرکز کی جانب سے مظلوم خواتین کو فراہم کی جانے والی پانچ مختلف خدمات جیسے محکمہ پولیس کی خدمات، طبی خدمات،عارضی قیام کی سہولت،کونسلنگ کی خدمات ، عدالتی خدمات کی فراہمی سے متعلق منتظم منیلا نے تفصیلات پیش کیں۔ ساتھ ہی ساتھ انھوں نے درج شدہ کیسیس، حل شدہ اور زیر التواء کیسس کی تفصیلات بھی پیش کیں۔انھوں نے اپیل کی کہ سکھی مرکز کی خدمات کی وسعت میں تمام محکمہ جات کی خدمات کا تعاون لازمی ہے۔اس موقع پر ضلع کلکٹر جی روی نے کہا کہ تمام محکمہ جات کو سکھی مرکز کی خدمات سے متعلق علم ہونا چاہیئے۔ تمام محکمہ جات میں خواتین سے متعلقہ مسائل کو سکھی سنٹر میں پیش کرنے کی ہدایت دی۔اس موقع پر مینجمنٹ کمیٹی کے رکن ہری اشوک کی اپیل پرضلع کلکٹر نے محکمہ کے عہدیدار کو تاکید کی کہ ہر دفتر میں حکومت کی ہدایت کے مطابق خواتین کے مسائل سے متعلقہ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے۔