بجٹ تیاری پر جائزہ اجلاس ، ملوبھٹی وکرمارک ڈپٹی چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد۔31جنوری(سیاست نیوز) محکمہ تعلیم کے بجٹ کی تیاریوں کے سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر و ریاستی وزیر فینانس مسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے آج جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ ریاست میں سرکاری اسکولوں‘ کالجس کے علاوہ تکنیکی تعلیمی اداروں کی ترقی کو نظر میں رکھتے ہوئے بجٹ کی تیاری یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں ان کے ہمراہ ریاستی وزیر مسٹر پونم پربھاکر کے علاوہ محکمہ تعلیم کے عہدیدار موجود تھے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے مختلف محکمہ جات کی جانب سے داخل کئے گئے مطالبات زر اور بجٹ 2024-25 کے سلسلہ میں تجاویز کا حکومت کی جانب سے جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ آج منعقدہ اجلاس کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر نے ریاست میں محکمہ تعلیم کی متاثرہ شبیہہ کو درست کرنے کے اقدامات کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ تعلیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی منصوبہ بندی کی جار ہی ہے اور جلد ہی محکمہ کے حالات کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہو ںنے محکمہ کے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ سرکاری تعلیمی اداروں کی حالت کو بہتر بنانے کی حکمت عملی و منصوبہ بندی کے ساتھ کام کریں تاکہ تلنگانہ کے سرکاری تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی چیف منسٹر نے اجلاس کے دوران کہا کہ ریاست کی تعلیمی ترقی کے سلسلہ میں سنجیدہ اقدامات کرتے ہوئے سرکاری تعلیمی اداروں اور محکمہ تعلیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں اقدامات کرے گی۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں گذشتہ حکومت کی جانب سے محکمہ تعلیم کو نظر انداز کیا جاتا رہا ہے جس کے نتیجہ میں ریاست کے سرکاری اسکولوں اور تعلیمی اداروں کی حالت انتہائی ابتر ہوچکی ہے لیکن اب ریاست میں حکومت تبدیل ہوچکی ہے اور عوامی اقتدار ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ عوامی حکمرانی کے اس دور میں ریاستی حکومت کی جانب سے عوام کی تعلیمی ترقی کو یقینی بنانے اور تلنگانہ کے سرکاری تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔3