n چیف سکریٹری کا حکام کے ساتھ اجلاس
n 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات کیلئے سرگرمیاں
حیدرآباد: تلنگانہ میں 50,000 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات سے متعلق چیف منسٹر کے اعلان کے بعد چیف سکریٹری سومیش کمار نے مختلف محکمہ جات سے مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ تفصیلات جمع کرنے ایک علیحدہ سیل قائم کیا جائیگا ۔ انہوں نے آج تمام محکمہ جات کے اسپیشل چیف سکریٹریز ، پرنسپل سکریٹریز اور سکریٹریز کا اجلاس طلب کرتے ہوئے مخلوعہ جائیدادوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ چیف منسٹر کے اعلان کے مطابق تمام محکمہ جات کو مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات داخل کرنی چاہئے جنہیں راست تقررات کے ذریعہ پر کیا جائے گا ۔ انہوں نے مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات کو مقررہ فارمیٹ کے تحت پیش کرنے کا مشورہ دیا۔ تمام محکمہ جات کی تفصیلات چیف منسٹر کو پیش کی جائے گی ۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ تقررات کے سلسلہ میں حکومت علحدہ سیل قائم کرے گی ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ حکومت تقررات کے علاوہ محکمہ جات میں اصلاحات کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے۔ تمام محکمہ جات میں تقررات کے لئے میکانزم تیار کیا جائے گا ۔ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی ، اسپیشل چیف سکریٹریز چترا رام چندرن ، شانتی کماری ، رانی کمدنی ، پرنسپل سکریٹریز ، سنیل شرما ، رجت کمار ، جیش رنجن ، روی گپتا اور دیگر سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔
