محکمہ جات میں اُردو کے دوسری سرکاری زبان کے طور پر عمل آوری کے اقدامات

   

آر ٹی سی کے بورڈس پر اُردو کی شمولیت، صدرنشین اُردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان کی مساعی
حیدرآباد 14 جون (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان نے ریاست کے تمام سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں اُردو کی دوسری سرکاری زبان کی حیثیت سے عمل آوری کو یقینی بنانے کا عہد کیا ہے۔ طاہر بن حمدان نے کہاکہ ریاست بھر میں اُردو دوسری سرکاری زبان کا درجہ رکھتی ہے اور حکومت سرکاری سطح پر اُردو کو اُس کا جائز مقام دلانے میں سنجیدہ ہے۔ تلنگانہ اُردو اکیڈیمی اُردو کے دوسری سرکاری زبان کے نفاذ کے لئے ہرممکن قدم اُٹھائے گی اور اِس سلسلہ میں تمام متعلقہ محکمہ جات کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے خواہش کی گئی ہے کہ اُردو زبان کو محکمہ میں نافذ کیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ سرکاری زبان ترمیمی قانون 2017 پر 27 اپریل 2018 ء سے عمل کیا جارہا ہے۔ تمام ضلع کلکٹرس اور اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو مکتوب روانہ کیا گیا کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں سرکاری دفاتر اور اداروں میں اُردو کو دوسری سرکاری زبان کے طور پر لاگو کریں۔ تلگو میڈیم آنگن واڑی اسکولوں کی طرح اُردو کے آنگن واڑی اسکول قائم کرنے کیلئے نمائندگی کی گئی ہے۔ طاہر بن حمدان نے کہاکہ سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں کے سائن بورڈس اُردو زبان میں لکھنے کے علاوہ تجارتی اداروں کے سائن بورڈس پر بھی اُردو کو شامل کیا جانا چاہئے۔ سرکاری محکمہ جات کے تمام نوٹس، سرکولر اور میموز کی تلگو اور انگریزی کے ساتھ اُردو میں بھی اشاعت عمل میں لائی جائے۔ صدرنشین اُردو اکیڈیمی نے بتایا کہ منیجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی وی سی سجنار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے آر ٹی سی بسوں کے بورڈ پر اُردو کو شامل کرنے کی خواہش کی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ شہری اور دیہی علاقوں میں چلنے والی آر ٹی سی بسوں کے بورڈ پر تلگو کے ساتھ ساتھ اُردو میں علاقوں کے نام تحریر کئے جائیں۔ طاہر بن حمدان نے یقین ظاہر کیاکہ ریونت ریڈی حکومت اُردو زبان کی ترقی و ترویج میں اکیڈیمی کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ اُردو اکیڈیمی کی تمام اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کے لئے وہ اقدامات کررہے ہیں۔ 1