محکمہ جات کو آمدنی میں اضافہ کیلئے بھٹی وکرامارکا کی ہدایت

   

کابینی سب کمیٹی کا اجلاس، فلاحی اسکیمات کیلئے ترجیحی فنڈس کی اجرائی
حیدرآباد۔ 22 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں آمدنی میں اضافہ اور خاص طور پر نان ٹیکس ریونیو پر حکومت نے توجہ مرکوز کی ہے۔ اس سلسلہ میں تشکیل دی گئی کابینی سب کمیٹی کا آج سکریٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے صدارت کی۔ کمیٹی کے ارکان وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی، وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ کمیٹی نے عہدیداروں سے کہا کہ ریاست میں نان ٹیکس آمدنی میں اضافے کی مساعی کریں تاکہ فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر موثر عمل کیا جاسکے۔ مرکزی حکومت سے ٹیکس میں حصہ داری کے حصول کے لئے بھی عہدیداروں کو ہدایت دی گئیں۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ فلاحی اسکیمات پر حکومت 33600 کروڑ خرچ کررہی ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کمزور معاشی موقف کے باوجود حکومت رعیتو بھروسہ، اندراماں آتمیہ بھروسہ، مہالکشمی، مفت برقی اور اندراماں ہاوزنگ جیسی اسکیمات پر عمل کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض محکمہ جات کی آمدنی کافی کم ہے جسے بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جات کو اپنے داخلی خرچ میں کمی کرنی چاہئے۔ انہوں نے ریاست کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں زیر التواء پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کی ضرورت اور ترجیحات کے مطابق بجٹ خرچ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد سے متعلق کاموں کے علاوہ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کے لئے حکومت فنڈس مختص کرے گی اور سرکاری محکمہ جات کو بہتر کارکردگی کے ذریعہ آمدنی میں اضافہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے محکمہ جات کے درمیان باہمی اشتراک پر زور دیا۔ اجلاس میں چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ، پرنسپل سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطانیہ اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ 1